آسٹریا: 14ویں سالانہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

منہاج القرآن آسٹریا کے زیر اہتمام 14 ویں سالانہ میلادُ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد منہاج القرآن آسٹریا کے سابق صدر منہاج سنٹر کے بانی حاجی خواجہ محمد نسیم کی زیرصدارت 25 جنوری کو کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی منہاج القرآن ہالینڈ کے ڈائریکٹر علامہ احمد رضا نقشبندی تھے۔ کانفرنس میں خواتین، بچوں اور مرد حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ اپنی محبت کا والہانہ اظہار کیا اور آسٹریا کے دور دراز شہروں سے بھی عشاق رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے شرکت کی۔

پروگرام میں خصوصی شرکت کرنے والوں میں اسلامی نظریاتی کونسل آسٹریا کے صدر ڈاکٹر فواد سیناج، آسڑین پارلیمنٹ میں مسلم کمیونٹی کے نمائندہ عمرالراوی، طرافہ بھاگاجاتی، العصر اسلامک سنٹر کے جنرل سیکرٹری سید غالب شاہ، مظہرعباس جعفری، مسجد البلال کے صدر الحاج محمد اکرم بٹ، ہورن سے حافظ محمد نعیم ودیگر شامل تھے۔ پروگرام کا آغاز حفیظ اللہ قادری کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ حفیظ اللہ قادری اور علی مغل نے پروگرام کے پہلے سیشن کی نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد سابق صدر منہاج سنٹر کے بانی حاجی خواجہ محمد نسیم نے مہمانوں کو منہاج سنٹر میں خوش آمدید کہا۔ نعت کی صورت میں عقیدت کے پھول نچھاور کرنے والوں میں حذیفہ ربانی، عمران قادری، محمودشاہ، حافظ نعیم، حاجی اکبرعلی، خرم، محبوب ربانی اور یورپ کے معروف نعت خواں شہریار خان شامل تھے۔ چھوٹے ننھے بچوں نے قصیدہ برُدہ شریف حاضرین کے ساتھ مل کر پڑھا۔

پروگرام کے وسط میں منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ بلال چیمہ، ارشد نیازی، قمرصدیق اور جاوید سنٹ پولٹن کودی گی، اور منہاج ایجوکیشن سٹی پراجیکٹ پاکستان کی ڈاکومنٹری بڑی سکرین پر دکھائی گی جس کی تفصیل علامہ احمد رضا نے ساتھ ساتھ بتائی۔ منہاج القرآن آسٹریا کے جنرل سیکرٹری عمیر الطاف نے جرمن زبان میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور میلادُالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر روشنی ڈالی اور منہاج القرآن کے اغراض ومقاصد بیان کیے۔ ڈاکٹر فواد، عمرالراوی، طرافہ بھاگاجاتی نے بھی جرمن زبان میں تمام مہمانوں اور منہاج القرآن آسٹریاکو شاندار پروگرام کا انعقاد کرنے کی مبارک باد دی اور اسلام کو عام کرنے پر زور دیا۔ حافظ نعیم نے بھی اپنے مختصر خطاب میں اتحاد اور مل جل کر مذہبی پروگرام کرنے اور ایک دوسرے کے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر شامل ہونے پر زوردیا، اُنہوں نے خصوصی طور پر خواجہ نسیم، محمداکرم باجوہ، العصراسلامک سنٹر، اور بلال مسجد کے الحاج محمد اکرم بٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ تقریباً پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں اور کمیونٹی میں اتحاد پیدا کرنے میں اکرم باجوہ میڈیا کے ذریعے بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں اور ویانا میں پہلا میلاد جلوس نکالنے کی مثال آپ لوگوں کے سامنے ہے۔

نماز مغرب کے بعد پروگرام کے دوسرے سیشن میں منہاج القرآ ن آسٹریا کے صدر نعیم رضا قادری نے نظامت کے فرائض ادا کئے۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی علامہ احمد رضانے خطاب سے قبل منہاج القرآ ن آسٹریا کو شاندار اور پروقار میلاد کانفرنس کا انعقاد کرنے اور حاضرین کو آسٹریا کے دور درازشہروں سے اتنی سردی میں اپنے آقا دو جہاں سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیار بھری میلاد محفل میں شرکت کرنے پر مبارک باد دی اور شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ خدا آپ کی حاضری قبول و منظور فرمائے۔ علامہ احمد رضا قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ اللہ نے پوری کائنات بنائی مگر اُنہوں نے کبھی احسان نہیں جتلایا مگراللہ نے اپنا پیارا محبوب دنیا میں بھیج کر احسان جتلایا اوراللہ نے کہا کہ مومنوں پر میرا سب سے بڑا احسان ہے کہ اپنا پیارا محبوب بھیجا اور کہا کہ مومنوں شکرادا کرو میں نے آپ کیلے اپنا محبوب بھیجا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سرکار کی محبت نہ ہوتو ایمان نہیں رہتا، محبت رسول ہی اصل ایمان ہے۔

کانفرنس کے ا ختتام پر خواجہ نسیم اور عمر الراوی نے عمرہ کے فری ٹکٹ کی قرعہ اندازی کی تو ہال میں حاضرین نے درود و سلام بلند آواز میں پڑھا اور قرعہ اندازی میں عمرہ کا ٹکٹ خوش نصیب منہاج القران کے سلیمان صدیق کا نکلااور تمام حاضرین شرکاء نے سلیمان صدیق کو مبارک باددی۔ آخر میں منہاج القرآن آسٹریا کے سابق صدر منہاج سنٹر کے بانی حاجی خوا جہ محمد نسیم نے تما م مہمانوں کا میلاد کانفرنس میں شرکت کرنے اور خصوصاً میڈیا کا شکریہ اداکیا درود وسلام اور اجتماعی دعا ئیہ کلمات کے بعد نماز عشاء ادا کی گی جو حافظ نعیم نے پڑھائی اور بعد میںحاضرین کو میلاد ڈنر پیش کیا۔

رپورٹ: محمد اکرم باجوہ

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top