دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے حکومت کی کوئی حکمت عملی سامنے نہیں آئی: شیخ زاہد فیاض

عوام ضروریات زندگی کو ترس رہے ہیں اور مقتدر طبقہ سب اچھا ہے کی راگنی الاپ رہا ہے
استحصالی نظام کے آلہ کار باریاں بدل بدل کر عوام کا استحصال کر رہے ہیں
عوام چند سیاسی خاندانوں کی اجارہ داری کے محافظ استحصالی نظام کے خلاف باہر نکلیں
پاکستان عوامی تحریک کے صدر شیخ زاہد فیاض کی وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اداروں کے استحکام سے مشروط ہوتی ہے مگر آج کے پاکستان میں جو نقشہ نظر آ رہا ہے اس میں شخصیات اداروں اور پارٹیوں سے زیادہ طاقتور ہو چکی ہیں جس کا نتیجہ ہے کہ عوامی خوشحالی اور ملکی ترقی ایک خواب بن چکا ہے۔ عوام ضروریات زندگی کو ترس رہے ہیں، دہشت گردی کا اژدھا عوام کو نگل رہا ہے، گیس اور توانائی کا بحران رکنے میں نہیں آ رہا اور مقتدر طبقہ سب اچھا ہے کی راگنی الاپ رہا ہے۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے حکومت کی کوئی حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔ عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے والے یاد رکھیں ڈاکٹر طاہر القادری کی ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت انقلاب قائم ہونے والی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار منصور، عبد الواحد بٹ، غلام حیدر بٹ، غلام علی، عالیہ جاوید، قاسم بٹ اور ثاقب بٹ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت تبدیلی کی باتیں کرنے والے عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے جب تک موجودہ استحصالی نظام نہیں بدلا جاتا اس وقت تک کوئی مثبت تبدیلی نہیں آ ئے گی۔ جمہوریت کا حسن اقتدار میں عوام کی براہ راست شمولیت سے بنتا ہے مگر ہمارے انتخابی نظام میں عوام کو ووٹ دینے کا حق تو ہے مگر ووٹ لینے کا اختیار نہیں۔ عوام چند سیاسی خاندانوں کی اجارہ داری پر مبنی استحصالی نظام کے خلاف باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم ملک میں حقیقی سیاسی تبدیلی کیلئے ہے۔ عوام ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے ان کی کال پر ضرورسڑکوں پر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت، مہنگائی، دہشت گردی کی چکی میں پسنے والے عوام اب جان چکے ہیں کہ انکا دشمن موجودہ استحصالی نظام اور اسکے آلہ کار ہیں جو باریاں بدل بدل کر عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔ جس دن ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہوگی استحصالی قوتیں عوامی سمندر میں خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top