پشاور بم دھماکوں میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ بشار ت عزیز جسپال

مذاکراتی کمیٹیوں کا پورا عمل ایک ڈرامہ ہے اور قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے
حکمران اس دن سے ڈریں اور وہ دن دور نہیں جب قوم گھروں سے نکل آئے
مشاورتی کونسل کے اجلاس میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اورزخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا بھی کی گئی

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ پشاور میں ہونے والے بم دھماکے ملک و قوم کی سلامتی کے خلاف گہری سازش ہیں۔ پشاور دھماکوں جیسے واقعات کا تسلسل پاکستان کو غیر مستحکم کرنے مذہبی اور سیاسی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ملک میں لسانی، علاقائی اور سیاسی بنیادوں پر فسادات کو ہوا دینے کی گھناؤنی سازش ہے۔ اسلام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے اور انسانیت کو امن، برداشت، رواداری، احترام اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ پشاور بم دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور وطن عزیز کے امن کو سبو تاژ کر کے عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر ذوالفقار ایڈووکیٹ، راجہ ندیم، تنویر خان، عبد الحفیظ چوہدری، افضل گجر اور الطاف رندھاوا بھی موجود تھے۔ بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور سا لمیت کیلئے دہشت گردی سب سے بڑا خطرہ ہے۔ دہشت گردی کے ذمہ دار نا اہل حکمران اور سیاسی لیڈر ہیں جن میں جرات نہیں کہ وہ دہشت گردوں سے ڈیل کر سکیں۔ مذاکراتی کمیٹیوں کا پورا عمل ایک ڈرامہ ہے اور قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ ان مذاکرات کی کوئی حیثیت نہیں، محض سیاسی تماشہ ہے۔ قوم کو ذہنی طور پر ایک تماشے میں الجھایا جا رہا ہے تا کہ عوام کی توجہ اہم مسائل سے ہٹائی جا سکے۔ مذاکرات کی گرد اتنی اڑا دی گئی کہ سب کچھ اسی میں گم ہو گیا ہے۔ پورے ملک کے اثاثے بیچ کر کھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرداسلام اور پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔ حکمران مجرموں کو گرفتار کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھائیں تا کہ عوام میں عدم تحفظ کے شدید احساس کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور ایسے سفاک عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ پارلیمنٹ مفادات کی قیدی بن کر سو رہی ہے اور ملک کو صومالیہ، ایتھوپیااور افغانستان بنایا جا رہا ہے۔ سیاست دانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر پوری قم کو لقمہ اجل بنا دیا ہے۔ دہشت گردی کا عفریت ملک کو کھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اس دن سے ڈریں اور وہ دن دور نہیں جب قوم گھروں سے نکل آئے اور ان ظالم حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع بھی نہ ملے گا۔ بشارت عزیز جسپال نے بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اورزخمیوں کی صحتیابی کیلئے مشاورتی کونسل کے اجلاس کے اختتام پر دعا بھی کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top