قیادت کا فقدان اور جدید علوم و فنون سے دوری ہمارے زوال کا باعث بن رہی ہے۔ چودھری افضل گجر
خودداری اور خود انحصاری کی منزل پانے کے لئے غیروں کی بے جا مداخلت روکنا ہو گی
تبدیلی لانے کیلئے کرپٹ نظام کو ٹھکرا کر ڈاکٹر طاہر القادری کی جماعت انقلاب کا نمازی بننا ہو گا
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کہا ہے کہ فرقہ واریت اور دہشت گردی سے ملک جل رہا ہے یہ غیروں کی گھناؤنی اور گہری سازش ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی مداخلت قومی وقاراور غیرت کو تباہ کررہی ہے۔ ہمیں خودداری اور خود انحصاری کی منزل پانے کے لئے غیروں کی بے جا مداخلت روکنا ہو گی۔ قیادت کا فقدان اور جدید علوم و فنون سے دوری بھی ہمارے زوال کا باعث بن رہی ہے۔ مسلمان ممالک کے پاس ہر قسم کی نعمت موجود ہے مگر نااتفاقی کی وجہ سے عدم استحکام کا شکار ہیں، آپس میں اتفاق و اتحاد کی بجائے دوسروں کے اشاروں پر اپنے مسائل کا حل تلاش کررہے ہیں جس سے ہماری سلامتی، استحکام اور ترقی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید، انجینئر ثناء اللہ، فرحان اور حاجی اسحق نے بھی شرکت کی۔ چودھری افضل گجر نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایک چپڑاسی کے لیے بھی ابتدائی تعلیم ہونا شرط ہے لیکن قانون ساز اسمبلی کا ممبر بننے کے لیے کوئی تعلیم شرط نہیں ہے اگر اس طرح کے نالائق اور نااہل مسیحا ہونگے توقوم کی ترقی اور عوام کے مسائل کا حل کیسے ممکن ہوسکتا ہے، انہی نااہلیوں کی وجہ سے پاکستانی قوم کے زندگی گزارنے کے تمام ستون کھوکھلے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی سوچ، قومی وقار، اخلاقی اقدار اور ذہنی شعور ناپید ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اجتماعیت کی ضرورت ہے اور اس کے لیے بحثیت قوم ہمیں ذاتی مفادات کو ترک کرکے قومی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی۔ پاکستان عوامی تحریک عوامی طاقت اور قوم کی حمایت کے ساتھ اشرافیہ سے حلقوں کے قبضے چھڑائے گی۔ ساری قوم کو سمجھنا ہو گا کہ کرپٹ نظام کا حصہ بن کر تبدیلی کبھی نہیں آ سکتی۔ تبدیلی لانے کیلئے کرپٹ نظام کو ٹھکرا کر ڈاکٹر طاہر القادری کی جماعت انقلاب کا نمازی بننا ہو گا۔
تبصرہ