ڈنمارک: منہاج القرآن یورپ کے عہدیداران کا منہاج القرآن لائبریری ڈنمارک کا دورہ

10 فروری 2014ء بروز سوموار منہاج القرآن یورپ کے عہدیداران پر مشتمل وفد نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی مرکزی لائبریری کا معلوماتی دورہ کیا، وفد میں منہاج یورپین کونسل کے نائب صدر محمد اشرف کھوکھر، سیکرٹری میڈیا نوید احمد اندلسی منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن (جرمنی) کے صدر میاں عمران الحق، سیکرٹری جنرل طارق جاوید اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر ظل حسن قادری شامل تھے۔ اس موقع پر امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک علامہ عبدالستار سراج، ناظم تعلیمات علامہ ادریس الازہری اور منہاج لائبریری ڈنمارک کے انچارج راجہ محمد افضل نے مہمانوں کو لائبریری میں موجود مواد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

راجہ محمد افضل نے بتایا کہ ان کے پاس لائبریری میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تمام کتب اور خطابات کے ساتھ ساتھ عربی، انگریزی اور اردو زبان میں اکابرین دین کی سینکڑوں مذہبی اور تاریخی کتب بھی موجود ہیں، جن سے ڈنمارک کے علاوہ یورپ کے دیگر ممالک کے مسلمان بالخصوص ممبران تحریک منہاج القرآن خوب استفادہ کرتے ہیں، کوپن ہیگن اور ڈنمارک کے دیگر شہروں سے روزانہ بیسیوں لوگ لائبریری سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات اور کتب حاصل کرتے ہیں،انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے لائبریری کے انچارج کی ذمہ داری سر انجام دے رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال معروف عالم دین مولانا طارق جمیل بھی منہاج لائبریری کوپن ہیگن کا دورہ کر چکے ہیں، ایک سوال کے جواب میں راجہ محمد افضل نے بتایا کہ شیخ الاسلام کی تصانیف کتاب التوحید اور المنہاج السوی لائبریری میں آنے والوں کی توجہ کا خاص مرکز بنتی ہیں، اس کے علاوہ ان کے پاس منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پاکستان کا اردو، اسلامیات اور معاشرتی علوم کا نصاب بھی دستیاب ہے۔

اس موقع پر راجہ محمد افضل کی طر ف سے مہمانوں کی تواضع کی گئی اور انہوں نے نوید احمد اندلسی کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر انگریزی کتاب بطور تحفہ پیش کی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top