بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافہ کر کے حکمران عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈال رہے ہی: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 13 مارچ 2014ء

حالیہ اضافہ مجبور اور غربت میں پسے عوام کے ساتھ سراسر نا انصافی اور عوام دشمنی کے مترادف ہے
موجودہ صورتحال میں عوام بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی متحمل نہیں ہو سکتی، اضافہ واپس لیا جائے
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کی سنٹرل کونسل کی میٹنگ میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں تسلسل سے اضافے سے عوام کو نا صرف بلوں کی مد میں بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے بلکہ بجلی مہنگی ہونے سے مہنگائی کا طوفان بھی سونامی بن چکا ہے جس کا سامنا کرنے کی جسارت اب غریب تو کیا متوسط طبقہ بھی نہیں کر پا رہا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ مجبور اور غربت میں پسے عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کے مترادف ہے جو سراسر نا انصافی اور عوام دشمنی کے مترادف ہے۔ بجلی کے نرخ جو پہلے ہی آسمان سے باتیں کر رہے ہیں میں کمی کی بجائے اضافہ کر کے حکمرانوں نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافہ کر کے حکمران عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں جس سے بچنے کیلئے عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہو گا۔ کرپٹ سیاسی و انتخابی نظام کی خرابیاں کھل کر سامنے آرہی ہیں۔ عوام اگر اس سنگین صورتحال سے نجات چاہتے ہیں تو انہیں ڈاکٹر طاہر القادری کے ویثرن کو سپورٹ کرتے ہوئے ایک کروڑ نمازیوں میں شامل ہونے کا عزم کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کونسل کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، ساجد بھٹی، جواد حامد، قاضی فیض اور حافظ غلام فرید بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ذرائع آمدنی میں اضافے کی بجائے مسلسل کمی ہو رہی ہے ایسے میں بجلی کے نرخوں میں ناروا اضافہ پسے ہوئے عوام کومزید غربت میں جھونکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ کو واپس لیا جائے کیونکہ موجودہ صورتحال میں عوام بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top