بورے والا: تحفظ حقوق اہل سنت کانفرنس

تحریک منہاج القرآن بورے والا اور تنظیم حقوق اہل سنت کے زیراہتمام ایک عظیم الشان حقوق اہل سنت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقہ بھر سے سنی تحریک، جماعت اہل سنت اور سنی اتحاد کونسل کے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ اس کانفرنس میں محترم علامہ پیر سید اقبال حسین شاہ آف بورے والا نے کلیدی کردار ادا کیا جنہوں نے اہل سنت کی تمام تنظیموں اور قیادتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ کانفرنس میں محترم پیر سید حامد سعید کاظمی آف ملتان، پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی کے خلیفہ مجاز علامہ ضیاء المصطفی ملتانی، مولانا یوسف رضوی، پیر سید خلیل الرحمن آف عارف والا، علامہ پیر سید فرحت حسین شاہ مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل کے علاوہ دیگر علماء و مشائخ نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ پیر حامد سعید کاظمی شاہ نے کہا کہ اہل سنت ہر میدان میں نقصان اٹھا رہے ہیں جس کی بڑی وجہ اتحاد کا فقدان ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ باہمی اختلافات کو ختم کیا جائے اور اتحاد و یگانگت کی فضا پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چھوٹی چھوٹی کانفرنسز کی بجائے بڑی قوت اور طاقت کے ساتھ اٹھنے کی ضرورت ہے۔

علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری قوم کو بیدار کرنے کا کام کر رہے ہیں جس کے ذریعے بڑی قوت اور طاقت کا مظاہرہ ہو گا۔ انہوں نے کہا حقوق اہل سنت کی بجائے آج فرائض اہل سنت کو عیاں کرنا ضروری ہے۔ اگر ہم نے اپنے فرائض کو ادا کیا ہوتا تو حقوق کو ذکر کرنے کی ضرورت ہی نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام نے فرائض کی ادائیگی کو اپنا قومی، ملی اور دینی فریضہ سمجھتے ہوئے ایک ہزار سے زائد کتب تصنیف کی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن نے تعلیمی و تربیتی ادارے، گوشہ درود اور اعتکاف کی صورت میں خانقاہی نظام کے ذریعے پوری دنیا میں دینی اقدار اور شعائر اسلام کا مسخ شدہ چہرہ دوبارہ روشن اور عیاں کیا۔ لہذا منہاج القرآن کسی ایک فرد یا شخص کی تحریک نہیں بلکہ یہ پوری امت مسلمہ کی تجدیدی و فکری تحریک ہے۔ اسے مضبوط اور کامیاب بنانے میں ہم سب کا فائدہ ہے۔

کانفرنس سے دیگر علماء و مشائخ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہمیں ڈاکٹر طاہر القادری کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔ یہی وہ شخصیت ہیں جن سے کفر اور بدعقیدہ لوگ لرزہ براندام ہیں۔ کانفرنس کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا۔ علامہ پیر سید اقبال حسین شاہ نے سب کا شکریہ ادا کیا اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا وزٹ کرنے کا بھی عہد کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top