ڈاکٹر طاہرالقادری ریاست کے تحفظ کا آئندہ لائحہ عمل 11 مئی کو دیں گے۔ عمر ریاض عباسی

آئین میں دیے گئے حقوق واپس لینے کیلئے عوام 11 مئی کو عوامی تحریک کی کال پر تیاری کے ساتھ نکلیں
غریب کی بھوک مٹانے اور نوجوانوں کے روزگار کی کوئی حکومتی پالیسی نہیں ہے

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری ریاست کے تحفظ کا آئندہ کا لائحہ عمل 11 مئی کو قوم کے سامنے پیش کریں گے۔ آئین میں دیے گئے حقوق واپس لینے کے لئے عوام 11 مئی کو عوامی تحریک کی کال پر پوری تیاری کے ساتھ نکلیں تو دنیا کی کوئی طاقت حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کے خلاف عوامی احتجاج کا راستہ نہیں روک سکے گی۔ حکمران ڈریں اس دن سے جب عوام کا غیص و غصب حکمرانوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سیل کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مصطفی خان، غلام علی خان، اختر راجہ، شمریز اعوان، قاری منہاس، مبشر رندھاوا بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا موقف پوری قوم کے سامنے ہے، کچھ شر پسند عناصر اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے پر اعتراضات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاست اییک بار پھر ریاست کو روندنے کی تیاریاں کر رہی ہے مگر پاکستانی قوم ایسا ہر گز نہیں ہونے دے گی۔ عوام سیاست کو فرعون بننے دیں گے اور نہ ہی ریاست کے ستونوں کو گرنے دیا جائے گا۔ آئین میں دیے گئے حقوق واپس لینے کیلئے عوام 11 مئی کو تیاری کے ساتھ نکلیں۔گھروں میں جلنے مرنے سے کچھ نہیں ملے گا، غاصبوں سے حقوق چھیننا ہوں گے۔ 11 مئی انقلاب کا سیمی فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔ فائنل راؤنڈ کی تاریخ ڈاکٹر طاہرالقادری دیں گے۔ قوم کو ریاستی اداروں کی حفاظت کیلئے نکلنا ہو گا، انقلاب قربانی مانگتا ہے۔ کچھ واقعات کا الزام ریاستی اداروں پر ڈال کر انہیں کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ملک سے غربت کے خاتمے کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ رشوت ستانی کا بازار گرم ہے۔ کسی سرکاری دفتر میں چھوٹا سا کام رشوت کے بغیر نہیں ہو رہا۔ انصاف ناپید ہے حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ یہ سارے حالات عوام کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ اس صورتحال میں قوم کو اپنا مقدر بدلنے کیلئے شعور کی آنکھ کھول کر باہر نکلنا ہو گا کیونکہ موجودہ حکمران انہیں دائمی غلامی کی جانب دھکیل رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top