اللہ تعالیٰ نے حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کو افضل البشر بعد الانبیاء کا مقام عطا کیا

عادلانہ نظام اور دیانتدار معاشرے کے قیام کیلئے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی تعلیمات کو عام کرنا ہو گا
حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ بصیرت و تدبر، عزم و استقلال، وفاداری، ایثار اور مردِ مومن کی سچی تصویر تھے
سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے دین کے احیاء اور سر بلندی کیلئے امت مسلمہ کو ایک لڑی میں پرؤے رکھا
منہاج القرآن علماء کونسل کے تحت خلیفہ اول "سیدنا صدیق اکبر کانفرنس" سے مقررین کا خطاب

منہاج القرآن علماء کونسل کے صدر علامہ حاجی امداد اللہ قادری نے کہا کہ آج عادلانہ نظام اور دیانتدار معاشرے کے قیام کیلئے حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی تعلیمات کو عام کرنا ہو گا۔ حضورصلی اللہ علیہ وسلم کے پہلے مونس اور بہترین رفیق صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ہی ہیں جن کو حضور علیہ السلام کی معیت اور رفاقت کا تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہ سے زیادہ شرف حاصل ہوا۔ شمس نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ضیاپاشی فرمائی توپہلی کرن حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ پر پڑی اور ایسی پڑی کہ کندن بنادیا اپنا یا تو ایسا اپنایا کہ آج تک جدا نہ ہوسکے۔ حضور علیہ السلام اگر سراپا نبوت ہیں تو صدیق اکبر رضی اللہ عنہ سراپا نصرت ہیں اس لیے ہجر ت کی شب خداوندی نصرت حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی شکل میں جلوہ گر ہوئی۔ حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ بصیرت و تدبر، عزم و استقلال، وفاداری و فداکاری، ایثار و انفاق کا مرقع خیر، مجسم اسلام کے مردِ مومن کی سچی تصویر تھے، وہ ثانی اثنین فی الغار، وہ جانثارِ ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، پروانہ شمع رسالت، اسلام کے پہلے خلیفہ راشد، ہر دور میں اہلِ حق اور متلاشیان راہ حق و ہدایت کے لئے اصحاب رسول میں سے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے آپ رضی اللہ عنہ کو افضل البشر بعد الانبیاء کا مقام عطا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خلیفہ راشد سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے یوم و صال کے دن کے موقع پر منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ ’’سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد سعید تونسوی نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اللہ کی رضا اور خوشنودی کی خاطر اپنا سارا مال بارگاہ خدا میں قربان کر دیا۔ انکی تعلیمات سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ قوم کی بقا، سلامتی اور ترقی کیلئے اپنے مال و دولت کو قربان کرکے عوام کی فلاح و بہبود کا سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اسلام کے احیاء کیلئے ہر قسم کی مشکلات کو برداشت کیا اور ظالمانہ و جابرانہ نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کیا۔ منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب کے ناظم کے علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ وہ عظیم ہستی تھے جنہوں نے دین کے احیاء اور سر بلندی کیلئے امت مسلمہ کو ایک لڑی میں پرؤے رکھا۔ آپ نے باغیان اسلام کے خاتمہ، جھوٹے مدعیان نبوت کے خلاف اعلان جنگ جیسے عظیم کارہائے نمایاں سر انجام دئیے، انہوں نے اپنے دور خلافت میں قرآن مجید کو جمع کر کے امت مسلمہ پر بہت احسان کیے اور امت کو ہر قسم کے فتنوں سے محفوظ رکھا۔ کانفرنس سے علامہ ممتاز حسین صدیقی، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ محمد عامر چشتی، علامہ محمد حنیف طاہر، علامہ امجد علی قادری، علامہ محمد عثمان سیالوی اور علامہ غلام حبیب قمر سیالوی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top