حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، ورنہ نتائج کی ذمہ دار خود ہوگی، شیخ زاہد فیاض کی ہنگامی پریس کانفرنس سے گفتگو

مورخہ: 10 مئی 2014ء

پاکستان عوامی تحریک کی ہونے والی ریلی کو روکنے اور ثبوتاذ کرنے کے لئے حکمران اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے ریلی کی باقاعدہ اجازت دی اور دوسری جانب راولپنڈی شہر کے عوام اور مضافات سے آنے والے کارکنان اور عوام کو ریلی میں شرکت سے روکنے کے لئے بس اڈوں کو سیل کر دیا گیا، بک کی گئی بسوں کو اڈوں کے اندر بند کر دیا گیا، بکنگ واپس کروا دی گئی اور ٹرانسپورٹرز کو گاڑی دینے کی صورت میں سخت نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں تاکہ ریلی کو ناکام بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے ضلعی آفس چاندنی چوک میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر احمد نوازانجم، ساجد بھٹی، ملک افضل، چوہدری عرفان یوسف، شعیب طاہر، غلام علی خان، حیدر علوی، ملک طاہر جاوید اور دیگر قائدئن بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج پر امن ہے اسے پر امن ہی رہنے دیا جائے۔ حکمران ڈاکٹر طاہرالقادری کے نام سے خوف زدہ ہو کر ہواس باختہ ہو چکے ہیں۔ اگر کارکنان کو روکا گیا ان کے راستے سے رکاوٹیں نہ ہٹائی گئیں تو نتائج کی تمام تر ذمہ دار حکومت اور راولپنڈی کی انتظامیہ ہو گی۔ آج ریلی میں اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تو اس کے ذمہ دار وفاقی وزیر داخلہ اور صوبائی وزیر داخلہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو اپنا غلام سمجھتے ہیں اور ملک کو اتفاق فونڈری کی طرز پر چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ وہ تمام تر حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، وہ نہ پیچھے ہٹیں گے، نہ رکیں گے، نہ جھکیں گے۔ عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کی کال پر اس ظلم کے نظام سے ٹکرانے کے لئے نکل رہے ہیں، کرپشن کے نظام کو زمین بوس کرنے کے لئے نکل رہے ہیں۔ پولیس عوامی تحریک کی ریلی میں رکاوٹ نہ بنے، عوامی تحریک ان کے بچوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ حکمران ملک میں فرعون کا نظام چاہتے ہیں، عوام ثابت کر دیں گے کہ وہ اس ملک میں عدل کا نظام چاہتے ہیں، ملک میں خوشحالی اور ترقی چاہتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top