53 کارکنوں کی درخواست ضمانت کا اخراج غیر آئینی اور آمرانہ اقدام ہے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی
شہباز شریف مستعفی ہونے کی بجائے ڈھٹائی سے اقتدار سے چمٹے ہوئے
ہیں
اعلیٰ پولیس افسران کو بچا کر پولیس اہلکاروں کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے
جوڈیشل کمیشن بے اختیار ہے، ریکارڈ مسخ کر کے انصاف کا خون کرنے کی مکمل تیاری کر لی
گئی
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے ذمہ دار شہباز شریف مستعفی ہونے کی بجائے ڈھٹائی سے اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں ان کے ہوتے انصاف کی توقع رکھنا عبث ہے۔ وہ گمراہ کن بیانات دینے کی بجائے گھر جانے کی تیاری کریں۔اسلام آباد سے گرفتار 53 کارکنوں کی درخواست ضمانت کا اخراج غیر آئینی اور آمرانہ اقدام ہے۔ حکومت کی ایما پر ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انقلاب کے بعد شہداء کے خون کا قصاص لیں گے اور عدل و انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے۔ شہباز شریف قاتل اعلیٰ ہیں ان کے حکم کے بغیر خون کی ہولی نہیں کھیلی جا سکتی۔ وہ پاکستان عوامی تحریک بہاولپور کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ایما پر 15 پولیس اہلکاروں اور 2 انسپکٹروں کو گرفتار کر کے ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ اعلیٰ پولیس افسران کو بچا کر پولیس اہلکاروں کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ یک رکنی جوڈیشل کمیشن کو بے اختیار کر دیا گیا ہے اور ریکارڈ کو مسخ کر کے انصاف کا خون کرنے کی مکمل تیاری کر لی گئی ہے۔ جج صاحب اندھیر نگری کے کھیل میں شامل نہ ہوں۔ 14 شہداء کے خون کو بیچنے والوں سے عوام نبٹ لیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا ایجنڈا عوام کو حقوق دینے کا ہے۔ انقلاب کے بعد عوام مقتدر اور ظالم جیلوں میں ہونگے۔
تبصرہ