ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی پروگرام کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہوں: سردار عتیق احمد

پر امن نہتے اور بے گناہ لوگوں کا قتل مہذب معاشرے کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی پروگرام میں اہم پیغام موجود ہے
شریف برادران نے بجائے جمہوریت کے بادشاہت قائم کر رکھی ہے
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد کی ڈاکٹر طاہرالقادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی پروگرام کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ ملک بچانے کیلئے طاہرالقادری کے ایجنڈے کا ساتھ دیں۔ اگر حکمرانوں کا ظلم نہ روکا گیا تو آج منہاج القرآن پر ظلم ہوا ہے کل کسی اور کی باری ہو گی۔ میاں برادران نے بجائے جمہوریت کے بادشاہت قائم کر رکھی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ یہ پنجاب پولیس کی دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے۔ پر امن نہتے اور بے گناہ لوگوں کا قتل مہذب معاشرے کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری جیسی نابغہ عصر شخصیت جو امن کی سفیر ہے کے گھر اور ادارے پر پولیس گردی ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے وفد کے ہمراہ انکی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پر ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار عتیق نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام اس افسوسناک سانحے پر دکھی ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی پروگرام میں اہم پیغام موجود ہے۔ حکمرانوں نے ملکی مفاد میں اب تک کوئی بھی کام نہیں کیا۔ وزیر اعظم پاکستان بھارتی دورے میں کشمیر کا ذکر کرنے کی بجائے انڈین اداکاروں کے ساتھ بیٹھنا پسند کرتے ہیں۔ کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کی بجائے انڈین وزیر اعظم کو گاندھی کی مورتی پیش کر کے کشمیریوں کی دل آزاری کرتے ہیں۔ آرمی چیف راحیل شریف نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہہ کر کشمیریوں کی مایوسی دور کی ہے۔ افواج پاکستان ملک کا آخری سہارا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس جنگلہ بس سروس شروع کرنے کیلئے تو پیسے ہیں لیکن IDPs کی امداد کیلئے کچھ نہیں جبکہ حکمرانوں کی ہر طرح کی عیاشیاں جاری ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top