پاکستان عوامی تحریک کی پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب (ضرب حق) سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر ریلیاں

پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام افواج پاکستان کے جاری آپریشن ضرب عضب کی حمایت میں ملک گیر ریلیاں نکالی گئیں جس میں ہر جگہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ لاہور کی ریلی دھرم پورہ سے شروع ہو کر لاہور پریس کلب پہنچی۔ ریلی میں عورتوں اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے پاک فوج اور ISI کے حق میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور دہشت گردی کی مذمت میں نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کی قیادت مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق عباسی نے کی۔ انہوں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی بات کی جب قوم کو مذاکرات کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا تھا۔ آپریشن کے دوران مذاکرات کی بات کرنے والے فتنہ و فساد کروانا چاہتے ہیں یہ ملک و قوم کے دشمن اور دہشت گردوں کے یار ہیں۔ پاک فوج نے آپریشن کا فیصلہ کر کے پوری قوم کے دل کی آواز کو سنا ہے۔ پاک فوج کے جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں اور قوم کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ شانے سے شانہ ملا کر کھڑا ہے۔ پاک آرمی عوام کے جذبات کی عملی طور پر ترجمانی کر کے دہشت گردوں کا صفایا کر رہی ہے جس پر پوری قوم افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم اور امت مسلمہ کو دہشت گردی کے خلاف فکری، علمی اور عملی رہنمائی دی ہے۔ افواج پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف آپریشن بروقت فیصلہ تھا۔ موجودہ حکومت کے مذاکرات کے نام پردہشت گردوں کو تحفظ دیا اور 11 ماہ تک دہشت گردوں کو دہشت گردی کی تیاری کا موقع فراہم کیا۔ حکومت دہشت گردوں کو تحفظ دینے کے مشن پر تھی۔ افواج پاکستان نے آپریشن کا آغاز کر کے عوا م کو تحفظ فراہم کرنے کی ٹھوس کاوش کی ہے۔ امیر تحریک منہاج القرآن محمد ارشاد طاہر نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک پاک دھرتی سے دہشت گردی کا صفایا کرنے کے کامیاب آپریشن ضرب عضب پر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ شمالی وزیرستان کے متاثرین ہمارے بھائی ہیں مشکل کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ناظم لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی منافقت اور دہشت گردوں سے مذاکرات کے ڈرامے کی وجہ سے لاتعداد نہتے اور معصوم شہریوں کی شہادتیں ہوئی ہیں جن کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ آپریشن ضرب عضب بہت دیر پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھا۔

لاہور

کراچی

فیصل آباد

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top