ملتان: محمد ضمیر بھٹی، شبیر بھٹی اور شاہین عظیم کی پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت

مورخہ 20 جولائی 2014ء بروز اتوار چیف آرگنائزر پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب ڈاکٹر زبیر اے خان نے پاکستان پیپلز پارٹی یو سی 35 کے صدر محمد ضمیر بھٹی، پاکستان تحریک انصاف یو سی 35 جنرل سیکرٹری شبیر احمد بھٹی اور ن لیگ کی سیاسی ورکر شاہین عظیم سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر زبیر اے خان نے انہیں ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکاتی انقلابی ایجنڈے کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی۔ انہوں نے حکومت کی ریاستی دہشت گردی، ظلم و بربریت اور قتل و غارت گری کے بارے میں بھی حقائق پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور عوام کی فلاح و بہبود حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں ہے۔ حکومت نے انتخابات کے نام پر دھن دھونس اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کیا اور اپنے خاندان کے 20 سے زائد افراد کو وزارتوں سے نواز کر جمہوریت کی بجائے خاندانی بادشاہت کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو اپنے حقوق کی بحالی کے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو کر انقلاب کیلئے گھروں سے نکلنا ہوگا، حکمران کبھی غریب عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کا نہیں سوچیں گے، جبکہ پاکستان اور عوام کے جملہ مسائل کا واحد حل انقلاب ہی ہے۔ بعد از انقلاب عوام کا راج ہوگا اور عوام کی حکومت قائم ہوگی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما محمد ضمیر بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی غریب عوام کیلئے کی جانے والی تمام کاوشوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا، انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں کی جانے والی ریاستی دہشت گردی کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

محترمہ شاہین عظیم نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکاتی انقلابی ایجنڈے سے اتفاق کا اظہار کیا اور انقلاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی کال پر بھرپور شرکت کا اعلان بھی کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ن لیگ سے استعفیٰ دے کر پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔

پاکستان تحریک انصاف یو سی 35 کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد بھٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نوجوان طبقہ اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے، نوجوان پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے خواہشمند ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم یافتہ طبقہ بھی بیروزگاری کی دلدل میں دھنس چکا ہے، حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کی بجائے سود پر قرضے دینے کا منصوبہ بنایا جو کسی بھی صورت میں مسائل کا حل نہیں ہے۔ کبھی نوجوانوں کو لیپ ٹاپ سکیم اور کبھی رنگا رنگ فیسٹیولز کے نام پر بیوقوف بنایا جا رہا ہے اور نوجوان نسل کے مسائل سے کلیتاً غفلت برتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد سراسر عوام الناس کو خوشحال کرنے اور نوجوانوں کو حقیقی معنی میں معاشرے کا مفید رکن بنانے کیلئے ہے۔ انہوں نے جو دس نکاتی ایجنڈا قوم کو دیا ہے وہ بلا شبہ عوام کے مسائل کا حقیقی حل ہے اور یہی اصل تبدیلی ہے جس کے لیے نوجوان دلی خواہش رکھتے ہیں۔ آخر پر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف سے استعفیٰ دیتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔

ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر زبیر اے خان نے پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت پر محمد ضمیر بھٹی، شبیر احمد بھٹی اور محترمہ شاہین عظیم کو مبارکباد دی، جبکہ خصوصی کاوش پر سجاد سومرو اور امتیاز حسین جگنو کا بھی شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top