بد معاشوں کو انقلاب کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

وقت کے فرعونوں اور یزیدوں کے خاتمہ کا وقت قریب آ گیا
انقلاب کے بعد حقیقی جمہوریت لا کر عوام کو شریک اقتدار کرینگے
پاکستان عوامی تحریک جھنگ، چنیوٹ سے آئے ہوئے ہزاروں عہدیداران کے مشاورتی اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بد معاشوں کو انقلاب کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ وقت کے فرعونوں اور یزیدوں کے خاتمہ کا وقت قریب آ گیا ہے۔ انقلاب کے بعد آئین اور قانون شکن ہٹلر اور میسولینی کو بھاگنے نہیں دیا جائیگا۔ ملک میں انقلاب کے بعد حقیقی جمہوریت لائیں گے اور عوام کو شریک اقتدار کریں گے، صرف انتخابی عمل کا نام جمہوریت نہیں ہے۔ حقیقی جمہوریت میں آزادانہ، شفاف اور منصفانہ الیکشن ہوتے ہیں مگر اس نظام میں بوگس ووٹنگ، پری اینڈ پوسٹ پول رگنگ، انتخابی ڈھونگ سے بد ترین جمہوری آمریت جنم لیتی ہے اور 18 کروڑ غریب عوام اس نظام میں یکسر نظر انداز ہوتے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک جھنگ، چنیوٹ سے آئے ہوئے عہدیداران کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نواز گنڈا پور، ڈاکٹر رحیق عباسی، شیخ زاہد فیاض و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری ادوار میں ہمیشہ بلدیاتی الیکشن کی نفی کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے واضح احکامات بھی حکمرانوں نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیے۔ انقلاب کے بعد آرٹیکل 32 اور 140A کی معطلی پر موجودہ حکمرانوں کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت سنگین بغاوت کا مقدمہ قائم کیا جائیگا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب کے بعد آئین پاکستان کے آرٹیکل 140A کے تحت حقیقی جمہوریت کے نفاذ کیلئے عوام کو شریک اقتدار کرینگے۔ دیہاتوں میں’’بنیادی جمہوری یونٹس‘‘ قائم کئے جائیں گے۔ ہر یونٹ 500 افراد پر مشتمل ہوگا۔ 5000 افراد پر مشتمل دیہی کونسل ہو گی جبکہ 50000 ہزار افراد پر مشتمل رولر کونسل ہوں گی، جنہیں صحت، تعلیم، پولیس، سول عدالتیں، ایگری کلچر، مارکٹیں(خرید و فروخت ) پورٹ فلیڈ کے اختیارات ہونگے اور لوگوں کو انکی دہلیز پر معاشی ترقی کے مواقع حاصل ہونگے اور انصاف انکو انکی دہلیز پر ملے گا۔ جبکہ شہری آبادیوں میں 1000 کی آبادی پر بنیادی جمہوری یونٹس وارڈز کی شکل میں قائم کیے جائیں گے۔ 5000 آبادی پر وارڈ کونسلیں ہوں گی۔ 20 وارڈ پر مشتمل ایک اربن سٹی کونسل ہوگی۔ جن کے ممبران کی تعداد 20 سے 30 ہوگی۔ وہ کونسل ایک لاکھ افراد کی نمائندگی کریگی۔ جس کو صحت، تعلیم، پولیس، سول عدالتیں، لوکل مارکیٹس کے اختیار ات حاصل ہونگے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اس حقیقی جمہوریت کے نفاذ کے لیے 18 کروڑ عوام کو انقلاب کی ضرورت ہے۔ اگر اس میں عوامی انقلاب میں کسی نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو وہ خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 60 سالوں سے ملک میں بدترین استحصالی، جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کا تسلط ہے۔ اس نظام کا آئندہ چند ہفتوں میں ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top