چوہدری برادران، شیخ رشید، راجہ ناصر عباس کی ڈاکٹر طاہرالقادری قادری سے ملاقات، انقلاب مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان اتوار کو ہو گا

مورخہ: 02 اگست 2014ء

پاکستان مسلم لیگ کے چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہیٰ، عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی جہاں انقلاب مارچ کے اعلان اور حکمت عملی کے حوالے سے طویل مشاورت ہوئی اور اہم فیصلہ جات کئے گئے جنکا با ضابطہ اعلان ڈاکٹر طاہرالقادری آج (اتوار) تمام جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ کرینگے۔ اس موقع پر کامل علی آغا، راجہ بشارت، ڈاکٹر رحیق عباسی، اعجاز بہشتی، ناصر شیرازی، راجہ زاہد محمود، خرم نواز گنڈا پور، شیخ زاہد فیاض، جواد حامد اور قاضی فیض بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ق) کے چوہدری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں تمام معاملات مشاورت سے طے کئے ہیں۔ گرفتاری اور نظر بندی کی کوئی پرواہ نہیں، حکومت سے کوئی رابطہ ہے نہ کرینگے، آج (اتوار) قوم کو بڑی خبر ملے گی۔ مستقبل کے لائحہ عمل کا کل اعلان کرینگے۔ چودھری برادران نے کہا کہ انقلاب مارچ سے متعلق تفصیلی بات ہوئی ہے۔

دریں اثناء ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ تمام جماعتوں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ انقلاب مارچ کیلئے تمام قائدین اکٹھے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ نکلیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق آج (اتوار) انقلاب مارچ کی تاریخ کا با ضابطہ اعلان پریس کانفرنس میں ڈاکٹر طاہرالقادری 40 سے زائد سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے ہمراہ کرینگے۔ پریس کانفرنس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کی جنرل کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں 15 ہزار سے زائد عہدیداران شریک ہونگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top