پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی گرفتاریاں غیر قانونی، غیر آئینی اور جمہوریت کے منافی ہیں۔ رحیق عباسی
بلاجواز گرفتاریاں تصادم کی فضا پیدا کرنے کی سازش ہے
اوچھے ہتھکنڈوں سے انقلاب کا راستہ روکا نہیں جاسکتا
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کارکنوں کی بلاجوازگرفتایوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی گرفتاریاں غیر قانونی، غیر آئینی اور جمہوریت کے منافی ہیں۔ پرامن احتجاج ہر جماعت اور شہری کا جمہوری حق ہے۔ پاکستان عوامی تحریک، تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کے سلسلے کو بند کیا جائے اور گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی بلاجوازگرفتاریاں تصادم کی فضا پیدا کرنے کی سازش ہے۔ کمانڈوز کی زیر نگرانی آپریشن کرنا غیر جمہوری عمل ہے۔ اس طرح کے حالات آمریت کے دور میں بھی نہیں ہوئے۔ ملک کو پولیس سٹیٹ بنایا جا رہا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد کو کنٹینر سٹی بنا دیا گیا۔ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آمریت کی پیداوار حکمران اقتدار کے نشے میں بد مست ہیں اور اپنے ہی عوام پر ظلم و تشدد کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کی نااہلیوں کے باعث سیلاب سے پورا پنجاب اور ملک کے اکثر علاقے متاثر ہوئے ہیں اور حکمران سیلاب سے متاثرین کی بحالی کی بجائے فقط اپنی کرسی بچانے کی فکر میں لاحق عوامی تحریک، تحریک انصاف اور MWM, کے ورکرز کو گرفتار کرنے میں سارا زورلگا رہے ہیں۔ ریاست کی قوت کو اپنے نہتے شہریوں پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس طرح کا تشدد بدترین آمریت کے دور میں بھی نہیں دیکھا گیا۔ حکمران دوغلی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ وزیر اعظم کے جلسوں میں گو نوازگو کے نعرے حکمرانوں کے لئے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے انقلاب کا راستہ روکا نہیں جا سکتا۔ حکمران غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے ذریعے انقلاب کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ کارکنوں کی گرفتاریاں کر کے حکومت اپنی قبر آپ کھود رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک، تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین کے تمام کارکنوں کی رہائیوں تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
تبصرہ