شہید کارکن عوامی جدوجہد کے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کا قصاص لیا جائے گا۔ قاضی فیض

دھرنے کو بے مقصد کہنے والوں کے اقتدار کے بیڑے میں سوراخ ہو چکے
JIT کا نہ بننا حکمرانوں کی طرف سے عوامی حقوق کا ایک اور قتل مسلسل ہے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے شہید کارکن عوامی جدوجہد کے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کے خون کا قصاص آئین اور قانون کے مطابق لیا جائے گا اور قاتل قانون کے شکنجے سے نہ بچ پائیں گے۔ دھرنے کو بے مقصد کہنے والوں کے اقتدار کے بیڑے میں سوراخ ہو چکے ہیں اور ایسا 70 دن کے دھرنے کے باعث ہوا ہے، حکمران کچھ کر لیں ڈوبنا ان کا مقدر ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی FIR کے بعد ابھی تک JIT کا نہ بننا حکمرانوں کی طرف سے عوامی حقوق کا ایک اور قتل مسلسل ہے۔ یہ کیسا نظام ہے جس میں گاڑیاں توڑنے والا تو جیل میں ہے مگر 14 انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سرکاری ملازمت اور اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تو پہلے بھی کم ہوتی رہیں مگر حکومت کے کانوں پر کبھی جوں تک نہ رینگتی تھی۔ تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کا وہ دباؤ ہے جس نے حکمرانوں کو عوام کو کچھ ریلیف دینے پر مجبور کر دیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں موجودہ کمی بھی ناکافی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ حکومت اب بھی عوام کو لوٹ رہی ہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک ملتان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

قاضی فیض نے کہا کہ اوور بلنگ پر وزیر اعظم کا کمیٹی بنانا عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے ان سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری 16 نومبر کو وطن واپس آ رہے ہیں اور 23 نومبر کو بھکر میں ہونے والے جلسے سے خطاب کریں گے۔ پاکستان عوامی تحریک قومی حکومت کے قیام، کڑے احتساب اور انتخابی اصلاحات کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن نے جو عوامی پذیرائی حاصل کی ہے وہ بہت جلد ایک سیاسی قوت بنے گی اور انقلاب ملک و قوم کا مقدر ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top