واہگہ بارڈر دہشتگردی کے شہداء کی یاد میں ہسپتال تعمیر کیا جائے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں کا واہگہ بارڈر کا دورہ، شہداء کیلئے فاتحہ خوانی
خرم نواز گنڈا پور، قاضی فیض، حافظ غلام فرید، محمد اسحاق، راشد چودھری، ساجد بھٹی، رانا ندیم، راجہ زاہد محمود، شعیب طاہر بھی ہمراہ موجود تھے

پاکستان عوامی تحریک کے فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ واہگہ بارڈر کا دورہ کیا اور رینجرز حکام سے شہید ہونیوالے رینجرز کے جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور رینجرز کے افسران اور جوانوں کی حب الوطنی، فرض شناسی کی تعریف کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل PAT خرم نواز گنڈا پور، قاضی فیض، حافظ غلام فرید، محمد اسحاق، راشد چودھری، ساجد بھٹی، رانا ندیم، راجہ زاہد محمود اور شعیب طاہر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واہگہ بارڈر کے شہداء کی یاد میں ہسپتال تعمیر کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو بروقت طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو دہشت گردی کی پیشگی اطلاع کر دی گئی تھی اس کے باوجود وہ حفاظتی اقدامات میں ناکام رہی اور قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شہداء اور زخمیوں کیلئے جس مالی مدد کا اعلان کیا تھا وہ تاحال انہیں نہیں ملی، شہداء اور زخمیوں کو فی الفور مالی امداد کے چیک دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی چھان بین کیلئے جو JIT تشکیل دی گئی ہے اسکی رپورٹ منظر عام پر آئے گی اور دہشتگردی کے اس سنگین واقعہ کے مجرمان اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے دوسرے روز ہی پرچم کشائی کی تقریب میں پرجوش شرکت کر کے پاکستان کے بہادر عوام نے دہشتگردوں کا ایجنڈا مسترد کر دیا تھا، قوم نے واضح کر دیا ہے کہ دہشتگردی کے ذریعے کوئی اپنا ایجنڈا ان پر مسلط نہیں کر سکتا، گزشتہ 10 سال میں پاکستان کے عوام، افواج پاکستان، رینجرز، آئی ایس آئی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے جتنی قربانیاں دیں دنیا کی کسی اور قوم اور فوج نے زمانہ امن میں اس قدر جانی، مالی قربانیاں نہیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہ کل جھکے تھے نہ آج جھکے ہیں نہ آنے والے کل میں جھکیں گے۔ فتح حق، امن اور پاکستان کے عوام کی ہو گی، آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے، اب انہیں سر چھپانے کیلئے پاکستان میں کہیں ٹھکانا نہیں ملے گا، ہم آپریشن ضرب عضب میں حصہ لینے والے پاک فوج کے افسران بالخصوص جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے ہماری پرسکون نیند کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیے اور دے رہے ہیں، ہم ان عظیم قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آپریشن ضرب عضب کی 100 فیصد کامیابی کیلئے دعا گو ہیں اور یہ دعا بھی کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ امن کیلئے لڑنے والے ہمارے نوجوانوں اور افسران کی حفاظت فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کے واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف زبانی کلامی بیانات نہیں دیے بلکہ دہشتگردی کے خلاف 500 صفحات پر مشتمل قرآن و سنت کی روشنی میں ایک جامع فتویٰ جاری کیا، تاریخ میں دہشتگردی کے خلاف اس طرح کے مدلل فتویٰ کی اس سے پہلے کوئی مثال موجود نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں بالخصوص حکومت پنجاب اپنے سکیورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لے، آپریشن ضرب عضب سے قبل پاک فوج کے سپہ سالار نے واضح کر دیا تھا کہ آپریشن کی کامیابی کیلئے تمام ریاستی اداروں اور حکومتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ حکومت سانحہ واہگہ بارڈر میں ملوث عناصر، انکے سر پرستوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے اور پراسیکیوشن سسٹم کو فعال بنائے تاکہ انسانیت کے دشمنوں کو سزائیں دینے میں عدالتوں کو بھی قانونی سہولیات میسر آئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top