سانحہ پشاور کے قاتل دہشت گرد جبکہ تھر پارکر اور سرگودھا میں مرنے والے بچوں کی قاتل سندھ اور پنجاب حکومتیں ہیں

گیس کی بندش کی وجہ سے گھروں کے چولہے بند اور فیکٹریوں کی تالہ بندی ہو رہی ہے
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مہنگائی کم نہ ہونا انتہائی تشویشناک ہے
مہنگائی پر قابو پا کر عوام مکاؤ مہم ختم کی جائے وگرنہ عوام حکمرانوں کو ختم کر دیں گے
اجلاس میں متفقہ قرارداد کے ذریعے فوری طور پر گیس بحران ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا
راضیہ نوید کاپاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی صدر راضیہ نوید نے کہا ہے کہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے قاتل دہشت گرد جبکہ تھر پارکر اور سرگودھا میں بھوک اور ادویات نہ ہونے کے باعث مرنے والے بچوں کی قاتل سندھ اور پنجاب کی حکومتیں ہیں۔ شدید سرد موسم میں گیس کی بندش کی وجہ سے گھروں کے چولہے بند اور فیکٹریوں کی تالہ بندی ہو رہی ہے۔ وفاق اور پنجاب کی حکومتیں اس بحران کو ختم کرنے میں ناکام ہو گئیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کے مشاورتی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ جبکہ اس موقع پر گلشن ارشاد، افنان بابر، قرۃ العین فاطمہ، نبیلہ یوسف و دیگر بھی موجود تھیں۔

مشاورتی کونسل کے اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر گیس بحران ختم اور جنوری، فروری کے مہینوں کو شدید سردی کے باعث بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے بھی مبرا کیا جائے۔ ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔ مشاورتی کونسل کے اجلاس میں قومی ایکشن پلان کمیٹی کے اراکین کو مشورہ دیا گیا کہ اگر وہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ ہیں تو وہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے 6 سو صفحات پر مشتمل تاریخی ڈاکومنٹ کا مطالعہ کریں۔

راضیہ نوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مہنگائی کم نہ ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ عوام کو ریلیف دینا حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پا کر عوام مکاؤ مہم ختم کی جائے وگرنہ عوام حکمرانوں کو ختم کر دیں گے، کرپشن کی دیمک نے ملکی اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے، ہوشربا مہنگائی کا عفریت عوام کو نگلے جا رہا ہے، غریب سے لقمے چھیننے والی پالیسیوں کا تسلسل قوم سے جینے کا حق بھی چھین رہا ہے۔ حکمرانوں کی خود غرضی سرطان کی مانند اس مملکت خداداد کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ ملک سیاسی اورمذہبی دہشت گردی کی زد میں ہے، نام نہاد جمہوری حکومت نے اپنے انتخابی وعدوں پر بالکل بھی عمل نہیں کیا، عوام توانائی کے بحران اور مہنگائی کے ہاتھوں اوندھے منہ گر چکے ہیں، لوگ اپنی جان بچانے کی خاطر بھوک، افلاس سے تنگ آ کر ڈاکے، چوری اور لوٹ مار کی طرف مائل ہو رہے ہیں، راضیہ نوید نے کہا کہ دہشت گردی، بیروزگاری اور مہنگائی پر قابو پانا، امن و امان فراہم کرنا ریاست کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے مگر افسوس حکمران اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کلیتاً ناکام ہو چکے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top