تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاو میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو نہیں سمجھا۔ محمد رفیق نجم

فیصل آباد ( ) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم تنظیمات انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ اسلام دین امن و سلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الائو میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ جس دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔ امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ ذات سے تعلق مضبوط ہو گا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ پی پی 70 کے زیراہتمام سمن آباد میں میلاد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب صدر فرحت دلبر قادری، ثمر سعید، تسنیم افضال، ندا زمان، یاسمین اشتیاق، ثناء دلبر، مسز ارشد مغل، مسز عارف نیازی، ڈاکٹر ادیبہ ناز، ساجدہ صمد، حرا دلبر، صائمہ حسن بھی موجود تھیں۔

ناظمہ روبینہ خاکی نے کہا کہ باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہو گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب سے عاجزی اور انکساری آئے گی اور معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلے گی اور جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہو جائے اس جسم سے دوسرے کیلئے سلامتی اورمحبت کے رویے ہی پھوٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت کو نعمت اسلام اور معرفت الٰہی مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے صدقہ نصیب ہوئی اور پورا قرآن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق اور سیرت پر اعلیٰ کتاب ہے۔ محبت اور ادب ایمان کی متاع ہے آج داخلی اور خارجی قیام امن کیلئے محنت کی ضرورت ہے۔ من کی دنیا کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سیراب کرنا ہو گا۔ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجالا کر لیا جائے تو امت کا ہر فرد اپنے اپنے ملک میں امن و سلامتی بکھیرنے والا بن جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top