سپین: منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں طلبہ کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا اہتمام

منہاج القرآن یونان کے سینئر رہنماء ڈاکٹر عبدالرزاق کی خصوصی شرکت، کلاس میں دو پی ایچ ڈی طالب علم بھی شامل

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا (سپین) میں یکم ستمبر 2014 کو شروع ہونے والی سپانش زبان کی کلاس کے طلبہ کے اعزاز میں 29 نومبر 2014ء کو ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کلاس مکمل کرنے والے طلبہ، کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے رہنماؤں محمد نواز کیانی، محمد اکرم بیگ، بلال یوسف، محمد نواز قادری، محمد اقبال چوہدری، حاجی محمد افضل، چوہدری محمد یوسف، راحیل اکرم ایڈووکیٹ، چوہدری طارق مہدی اور ڈاکٹر عبدالمنان نے شرکت کی۔ سپین کے دورہ پر آئے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے سینئر رہنماء ڈاکٹر عبدالرزاق نے بھی خصوصی دعوت پر پارٹی میں شرکت کی۔

الوداعی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے کیا گیا جس کے بعد فارغ التحصیل طلباء نے سہ ماہی کلاس کے متعلق اپنی اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ دین اسلام اور دیگر دنیوی علوم کے بارے میں بھی مفید معلومات حاصل کرنے کا موقع ملاہے، طلبہ نے بتایا کہ انہیں کلاس کے قواعد و ضوابط بہت سخت ہونے کے باوجود کلاس کا ڈسپلن بہت پسند آیا اور یہاں جس آسان انداز میں اور انتہائی مختصر عرصہ میں ابتدائی سپانش زبان لکھنا، پڑھنا اور بولنا سکھائی گئی ایسا کسی اور جگہ ممکن نہ تھا، منہاج القرآن بارسلونا کی اس کلاس میں پڑھنے کی بدولت وہ ہسپانوی زبان کی بنیادی گرامر سیکھ گئے ہیں۔ طلبہ نے بتایا کہ اس کلاس میں آنے کے باعث انہیں تحریک منہاج القرآن کے عالمگیر نیٹ ورک اور اس کی دعوتی، تدریسی اور فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات بھی حاصل ہوئیں اور تحریک کے بانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ذات کے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ بھی ہوا، اسی طرح انھیں پاکستان عوامی تحریک کی جہدوجہد اور اس کے مقاصد کے بارے بھی معلومات حاصل کرنے کا موقعہ ملتا رہا۔ طلبہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کلاس میں گزارے گئے وقت کو کبھی بھول نہ پائیں گے۔ ایک طالب علم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ انہیں کلاس کے ختم ہونے کا یقین نہیں آرہا اور اگر کلاس کے قواعد و ضوابط اس بات کی اجازت دیتے تو وہ دوبارہ اس کلاس میں داخل ہونے کے امیدوار ہوتے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس کلاس میں 2 ایسے طالب علم (محمد عاصم اور سید کاشف امداد) بھی موجود تھے جو پاکستان سے خصوصی طور پر بارسلونا کی مقامی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے لئے آئے ہوئے تھے اور انہوں نے منہاج القرآن بارسلونا کی سپانش زبان کی کلاس کا چرچا سن کر یہاں داخلہ لیا تھا۔

مرزا محمد اکرم بیگ، محمد اقبال چوہدری، چوہدری محمد یوسف، چوہدری طارق مہدی، بلال یوسف اور ڈاکٹر عبدالرزاق نے اپنی گفتگو میں پارٹی میں شریک طلبہ کو زبان سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے، دیار غیر میں رہتے ہوئے بامقصد زندگی گزارنے، دینی و دنیوی علوم کے حصول کا سلسلہ جاری رکھنے، حسن کردار و اخلاق کے ذریعے دین اسلام کی ترویج کرنے اور وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی، تقریب کے معزز مہمانوں نے اپنی گفتگو کے دوران بارسلونا (سپین) کی پاکستانی کمیونٹی کی فلاح اور رہنمائی کے لیے کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا اور ان کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی مبارک باد پیش کی۔

کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے اپنی گفتگو میں طلبہ کو تلقین کی کہ وہ سپانش زبان کو اپنے روزگار کی تلاش کے لئے بھی استعمال کریں مگر اس کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی ترویج کے لئے بھی استعمال کریں اور ہسپانوی زبان سیکھنے کے عمل کو مستقبل قریب میں بھی جاری رکھیں، انہوں نے طلبہ کو یہ تاکید بھی کی کہ وہ کلاس کے بعد بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل سے اپنی وابستگی قائم رکھیں اور تحریک کے بارے مزید معلومات کے حصول کے لیے منہاج یوتھ لیگ سپین اور منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا سے اپنا تعلق قائم رکھیں۔ اس موقع پر نوید احمد اندلسی نے الوداعی پارٹی کے احسن انتظامات کرنے پر منہاج القرآن بارسلونا کی نظامت اجتماعات کے سربراہ حاجی محمد افضل اور ان کی ٹیم کا شکریہ اداء کیا۔ اس موقع پر بارسلونا (سپین) کی معروف سماجی شخصیت چوہدری طارق مہدی نے باقاعدہ طور پر پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان بھی کیا جس پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے رہنماؤں نے انھیں مبارک باد دی اور خوش آمدید کہا۔

واضح رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام اکتوبر 2009ء سے سہ ماہی بنیادوں پر ہسپانوی زبان کا ابتدائی کورس جاری ہے جس کی 18ویں کلاس کامیابی سے تکمیل پذیر ہوئی ہے، اس کلاس میں ہسپانوی زبان کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت، قوانین اور دینی علوم بھی سکھائے جاتے ہیں، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر نوید احمد اندلسی اپنی تدریسی خدمات مفت فراہم کرتے ہیں۔ کلاس میں داخلہ کے لیے طلبہ کی کثیر تعداد کے پیش نظر اکثر قرعہ اندازی بھی کی جاتی ہے اور قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل کیا اور کروایا جاتاہے۔

رپورٹ : محمد وقاص راجہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top