حکمران منصوبہ بندی کے تحت بحران پیدا اور ختم کرتے ہیں: بشارت جسپال

نااہل وزراء اپنے عوام دشمن اقدامات کا ذمہ دار میڈیا کو ٹھہراکر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے
ن لیگ تاریخ کی واحد حکومت ہے جو ڈیڑھ سال میں جھوٹے وعدے کرنے کے باعث عوامی نفرت کا شکار ہوئی

لاہور (24 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ نااہل وزراء اپنے عوام دشمن اقدامات کا ذمہ دار میڈیا کو ٹھہراکر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے۔ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے وزیر ریاض پیرزادہ نے اپنے اعمال کا ذمہ دار میڈیا کو ٹھہرا کر سیاسی بددیانتی کی۔ انہوں نے کہا کہ معافیاں مانگنے والے وزراء نے پٹرول بحران کا ذمہ دار میڈیا کو ٹھہرا کر اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا۔ میڈیا نے جو دیکھا وہی دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ پاکستان کی تاریخ کی واحد ناکام ترین حکومت ہے جو ڈیڑھ سال کے اندر اندر جھوٹے وعدے کرنے کی وجہ سے عوام کی نفرت کا شکار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران منصوبہ بندی کے تحت بحران پیدا کرتے اورپھر وقت مقررہ پر حل کرتے ہیں۔ 17 ماہ کے اقتدار میں آلو، بجلی، گیس، ایل پی جی، پٹرول کے بحران، لوٹ مار، کرپشن اور کمیشن کیلئے پیدا کیے گئے، وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے ہیں، فیاض وڑائچ، حنیف مصطفوی، رفیق نجم، رانا طاہر، ملک سرفراز، میاں کاشف و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر بشارت جسپال نے کہا کہ جیسے ہی عوام سڑکوں پر آنے کیلئے پر تولتے ہیں تو بحران کا حل ڈھونڈ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ جمہوریت کے نام پر تماشا کررہی ہے ان سب تماشوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ بیرونی ممالک میں دولت کے ڈھیر لگائے جائیں اور دہشت گردی کے خاتمہ کی جدوجہد کو کمزور کیا جائے کیونکہ اس حکومت کے اندر ایسے عناصر موجود ہیں جو نہیں چاہتے پاکستان دہشت گردی سے پاک ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top