جس دن صبر کا یہ بند ٹوٹ گیا اس دن قصر شاہی میں بیٹھنے والے وڈیرے اور جاگیردار عوامی سیلاب میں خشک تنکوں کی طرح بہہ جائیںگے، انجم

فیصل آباد( ) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی نائب ناظم رانا رب نواز انجم نے کہا ہے کہ پاکستانی حیران و پریشان ہے کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے۔ موجودہ حکمران اس عوام دشمن نظام انتخاب کے تحت جو نعرے لگا کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچے ہیں وہ نعرے تو کہیں گرد کارواں میں گُم ہو گئے ہیں اور حکمران دیگر مسائل میں الجھ کر رہ گئے ہیں۔ مہنگائی، بیروزگاری، غربت، دہشت گردی، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی باتیں کرنے والے حکمرانوں کو آج اپنے نعرے اور وعدے یاد نہیں۔ بدقسمتی سے اس ملک دشمن نظام انتخاب کی وجہ سے ملک میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے، مہنگائی کا طوفان غریب عوام کو خس و خاشاک کی طرح اپنے ساتھ بہا کر لے جا رہا ہے، ظالم حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی کی اندھی جھیل میں دھکیل دیا ہے اور صاحبان اقتدار عوام کی بے بسی کا تماشہ بے حسی سے دیکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری، محمد صدیق قادری، راناعبدالجبار اور علی جازب بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا ایک دن صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے گا اور جس دن صبر کا یہ بند ٹوٹ گیا اس دن قصر شاہی میں بیٹھنے والے وڈیرے، جاگیردار، سرمایہ دار، لٹیرے اور رسہ گیر عوامی سیلاب میں خشک تنکوں کی طرح بہتے نظر آئینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top