علماء و مشائخ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خانقاہوں سے باہر نکلیں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

تحریک منہاج القرآن نیٹ ورک کے اعتبار سے دنیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک ہے‎
ڈاکٹر طاہرالقادری ایسی نسل تیار کرنا چاہتے ہیں جس کے فکر و نظریات پختہ ہوں اوروہ اسلاف کی تقلید، اجتہاد پر یقین رکھے
پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی سے پیر سید طاہر سجاد زنجانی کی ملاقات

لاہور (7 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پیر سید طاہر سجاد زنجانی سجادہ نشین ( زنجانہ آباد خانو ہارنی شریف) کی قیادت میں مرکزی سیکرٹریٹ آئے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کا یہ زوال باہمی انتشار کا شکار ہونے اور صالح وباکردار قیادت سے محرومی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ آج قوم کے زوال کو عروج میں بدلنے کیلئے موثر کوششیں نہیں ہو رہیں اور قوم بھی باہمی انتشار اور گروہ بندیوں کا شکار ہے جس کی بناء پر اغیار کو مسلمانوں پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے الزامات لگانے کی جرات ہورہی ہے، علماء و مشائخ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خانقاہوں سے باہر نکلیں۔ اس موقع پر علامہ سید فرحت حسین شاہ، میر آصف اکبر، راجہ ندیم، جواد حامد اور ساجد بھٹی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ امت مسلمہ کی تنزلی کی وجہ علم و تحقیق سے منہ موڑنا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے تشخیص کر کے علاج کیلئے تعلیمی اداروں کا جال بچھا دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ایسی نسل تیار کرنا چاہتے ہیں جس کے فکر و نظریات پختہ ہوں، وہ اسلاف کی تقلید بھی کریں اور اجتہاد پر بھی یقین رکھتے ہوں۔ دین اور دنیا، مغرب و مشرق میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ حکمران پاکستان کا نکتہ نظر دنیا کے سامنے نہیں لارہے، مشائخ عظام، علمائے کرام، سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کو باہر نکل کر پاکستان کا موقف دنیا پر واضح کرنے کیلئے طاہرالقادری کا ساتھ دینا ہو گا۔

پیر طاہر زنجانی نے کہا کہ وطن عزیز میں ابتر معاشی و سیاسی حالات مہنگائی، دہشتگردی کے تسلسل اور سیاسی کھینچا تانی کے ماحول میں ہر حساس پاکستانی دل گرفتہ ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت اسلام کے حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالے اور تصور امن کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے، جس سے ساری امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشتگردی کی منفی کوششوں کے خلاف ڈاکٹر طاہرالقادری کا تحقیقی کام اسلام کے حقیقی چہرے میں عیاں کرنے میں بہت نمایاں کردار ادا کررہا ہے، پیر طاہر زنجانی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نیٹ ورک کے اعتبار سے دنیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک ہے اور اس سے وابستہ لاکھوں افراد اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پھیلانے میں جو ذمہ دارانہ کردار ادا کررہے ہیں وہ قابل تحسین اور ستائش ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top