33 لاکھ کا ریفر ٹرک عیاشی اور قومی خزانے کا ناجائز استعمال ہے: عوامی تحریک
وزیراعلیٰ اپنے کھانے کی حرارت قائم رکھنے کیلئے کوئی سستا طریقہ اختیار کریں
دوہرے شناختی کارڈ والے ن لیگ کے وزیر جیل کو جیل کو ن بھیجے گا؟ بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، جواد حامد
لاہور (7 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہاہے کہ پنجاب کے 50 فیصد عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور صوبہ 6سو ارب کا مقروض ہے دوسری طرف خود کو عوام کا خادم کہنے والا وزیراعلیٰ اپنے کھانے کی تازگی، حرارت اور ذائقہ برقرار رکھنے کیلئے ساڑھے 33 لاکھ مالیت کا ریفر ٹرک خرید رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے حقیقی معنوں میں صادق امین اور سادگی پسند ہوتے تو یہ پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوتا ایک طرف ہسپتالوں میں دوائی نہیں، عوام کے پینے کیلئے صاف پانی نہیں، سکول چاردیواری سے محروم ہیں دوسری طرف امیر کبیر حکمران اپنی عیاشیوں پر قومی خزانہ لٹارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ پنجاب حکومت کی طرف سے ریفر ٹرک کی خریداری کے فیصلے کو رکوانے اور عوام کا پیسہ کسی ایک شخص کی ذاتی عیاشی پر خرچ ہونے سے روکیں۔ عوامی تحریک پنجاب کے رہنماؤں فیاض وڑائچ، ساجد بھٹی اور جواد حامد نے کہا کہ دوہرے شناختی کارڈ والے ن لیگ کے نااہل وزیر جیل کو اب کسی جیل میں ہونا چاہیے، رہنماؤں نے کہا کہ فیصل آباد تھانہ کے اندر پولیس اہلکاروں کو پھینٹی لگانے والے ن لیگ کے ایم پی اے کو باعزت بری کر دیا گیا اور ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون بہانے والے پولیس اہلکار، افسران اور ان کے سرپرست دندناتے پھررہے ہیں۔
تبصرہ