2008 میں ن لیگ کے برسر اقتدار آتے ہی دہشتگردوں کے ہیڈ کوارٹر پنجاب منتقل ہوئے: خرم نواز گنڈاپور

سینٹ کمیٹی میں غلط معلومات دینے سے پنجاب حکومت کے دہشتگردی کے خلاف جعلی اقدامات کی حقیقت سامنے آ گئی
کمیٹی آئی جی پنجاب کے ساتھ سب سے بڑے سہولت کار وزیراعلیٰ کو بھی طلب کرے، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

لاہور (11 فروری 2015) پاکستان عوامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ 2008 میں ن لیگ کے پنجاب میں برسراقتدار آتے ہی کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے ہیڈ کوارٹر پنجاب منتقل ہو گئے تھے، اس حوالے سے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کی آبزرویشن 100 فیصد درست ہے، کمیٹی آئی جی پنجاب کے ساتھ دہشت گردوں کے سب سے بڑے سہولت کار وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی غیر ملکی فنڈز لینے والے مدرسوں کے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے پر طلب کرے، گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب دہشت گردی کے خاتمے اور قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کاغذی اور جھوٹے بیانات جاری کر رہے ہیں، عملاً آج بھی صوبائی حکومت کے ایماء پر پنجاب پولیس دہشتگردوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، شکار پور دہشت گردی کے سانحہ کے ماسٹر مائنڈ کا پنجاب میں ہونے کا انکشاف لرزہ خیز ضرور لیکن عجیب نہیں کیونکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دہشت گرد یہاں آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں، فوجی قیادت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف کی کابینہ کے وزراء اور مشیران خاص کے قبضہ گروپوں اور کالعدم تنظیموں سے روابط کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ پنجاب کے سابق دو گورنر اس حوالے سے آن ریکارڈ قوم کو معلومات فراہم کر چکے ہیں۔ پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ حکومت اور دہشت گردوں کے درمیان رابطہ کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ہو یا فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکن کی شہادت ہر جگہ رانا ثناء اللہ کا نام آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو تحفظ اور سرکاری پروٹوکول دینا شریف برادران کی مجبوری ہے کیونکہ وہ ہر سکینڈل اور ہر سانحہ کے منصوبہ ساز اور چشم دید گواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کا یہ موقف سچ ثابت ہو گیا کہ حکمران دہشت گردی کے خاتمہ کی جنگ کے نام پر ڈرامہ بازی کر رہے ہیں، اندر سے یہ دہشت گردوں کے ساتھی اور سہولت کار ہیں۔ ملک اسحاق کی مالی مدد اور اسکی ضمانت کروانے میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ذاتی دلچسپی لی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top