بچوں سے امتحان نہ لے سکنے والی شہباز حکومت نے 10کروڑ عوام کو امتحان میں ڈال رکھا ہے، خرم نواز گنڈا پور‎

پانچویں جماعت کے امتحان کے حوالے سے ناقص انتظامات پر ردعمل‎

لاہور (24 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ بچوں سے امتحان نہ لے سکنے والی شہباز حکومت نے صوبہ کے 10کروڑ عوام کو امتحان میں ڈال رکھا ہے۔ 7سال میں امتحانی نظام درست نہ کر سکنے والی پنجاب حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے پانچویں جماعت کے امتحان کے حوالے سے ناقص انتظامات پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ کمپیوٹرائزڈ امتحانی نظام کا شوشہ چھوڑنے والی اس تعلیم دشمن حکومت نے مینویل سسٹم بھی تباہ کر دیا۔ گو نواز گو تحریک ابھی ختم نہیں ہوئی، بچوں نے قوم کو ایک بار پھر یاد دلایا ہے کہ یہ حکمران جائیں گے تو نظام ٹھیک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی نا اہلیوں کی وجہ سے سرکاری شعبہ میں تعلیمی نظام دن بدن مفلوج اور اور کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ تعلیم کے کاغذی علمبرداروں نے تعلیمی ڈھانچے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے ہیں۔ تعلیمی زبوں حالی کی بے شمار وجوہات میں سر فہرست حکمران ہیں۔ ناقص تعلیمی پالیسی جدید دور کے تقاضوں سے عاری نصاب اور طبقاتی نظام تعلیم پسماندگی کے اسباب ہیں۔ اگر ان تعلیم دشمن حکمرانوں سے جان نہ چھڑائی گئی تو ناخواندگی کا سیلاب پورے ملک کو ڈبو دے گا۔ تعلیم کی وزارت کو ایڈہاک بنیادوں پر چلانے کا نتیجہ ہے کہ پورا تعلیمی نظام تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے، پانچویں جماعت کے امتحان میں بچوں کو بروقت سوالنامہ فراہم نہ کر سکنے والے وزیر تعلیم کو مستعفی ہو جانا چاہیے اور امتحانی بورڈ کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر لینا چاہیے، ہم اس تعلیم دشمن حکومت کو اپنے بچوں کے مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے ۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top