پانچویں جماعت کے امتحان کے حوالے سے ناقص انتظامات حکومتی نااہلی اور لاپرواہی کا نتیجہ ہیں۔ غلام علی خان

ملک اویس جیسے مخلص نوجوانوں کو ملک کا مقدر بدلنے کے لئے آگے آنا ہوگا
ملک اویس اعوان کو عوامی تحریک میں شمولیت پر مبارک باد

اسلام آباد (25 فروری 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان اور مقصود عباسی نے کہا ہے کہ بچوں سے امتحان نہ لے سکنے والی شہباز حکومت نے پورے صوبے کے عوام کو امتحان میں ڈال رکھا ہے۔گزشتہ 30 سال کسی نہ کسی صورت میں اور پچھلے سات سال سے مسلسل برسراقتدار رہنے والے موجودہ حکمران آج تک امتحانی نظام درست نہ کر سکے، موجودہ حکمران ملک چلانے کی اہلیت اور صلاحیت نہیں رکھتے، یہ صرف اپنے کاروبار چلا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملک اویس اعوان اور اعوان برادری سمیت عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کرنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے ملک اویس اعوان اور ان کی برادری سمیت عوامی تحریک میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ملک اویس جیسے مخلص نوجوانوں کو ملک کا مقدر بدلنے کے لئے آگے آنا ہوگا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے پانچویں جماعت کا پرچہ ملتوی ہونے کے حوالے سے پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانچویں جماعت کے امتحان کے ناقص انتظامات حکومتی نااہلی اور لاپرواہی کا نتیجہ ہیں۔ کمپیوٹرائزڈ امتحانی نظام اور کمپیوٹرائزڈ پٹواری نظام کا شوشہ چھوڑنے والی اس تعلیم دشمن اور عوام دشمن حکومت نے تعلیم کا نظام بھی تباہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ گو نواز گو تحریک ابھی ختم نہیں ہوئی، بلکہ بہت جلد یہ تحریک اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی اور نااہل حکمرانوں سے عوام کو نجات ملے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top