پاکستان عوامی تحریک کا گلگت، بلتستان کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

صحت یابی اور وطن واپسی پر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری گلگت، بلتستان کا دورہ کریں گے‎
گلگت، بلتستان کیلئے 10 نکاتی ایجنڈے کا اعلان، ن لیگ نے دھاندلی کیلئے خصو صی ڈیسک قائم کر رکھا ہے‎
گلگت، بلتستان کے عوام میں ن لیگ کے امپورٹڈ گورنر کیلئے شدید نفرت پائی جاتی ہے
ساجد بھٹی کی گلگت، بلتستان کے 15 روزہ دورے سے واپسی پر مرکزی سیکرٹریٹ میں مشاورتی کونسل کے اجلاس میں گفتگو‎

پاکستان عوامی تحریک نے گلگت، بلتستان کیلئے آئندہ عام انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے گلگت، بلتستان کیلئے 10 نکاتی ایجنڈے کا اعلان بھی کر دیا۔ ان خیا لات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی چیف کوآرڈینیٹر ساجد بھٹی، سید فرحت حسین شاہ اور حافظ وقار احمد نے گلگت، بلتستان کے 15روزہ دورے سے واپسی پر مرکزی سیکرٹریٹ میں مشاورتی کونسل کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ساجد بھٹی نے کہا کہ گلگت، بلتستان میں ن لیگ کی حکومت نے الیکشن سے قبل ہی دھاندلی کیلئے الیکشن کمیشن اور نگران کابینہ میں اپنے ملازمین کو بھرتی کر لیا ہے۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برجیس طاہر کو گلگت، بلتستان میں گورنر تعینات کرنے کا مقصد پری پول رگنگ ہے۔ وفاقی حکومت کے اس غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کے خلاف دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر آواز بلند کریں گے۔ حکمران اپنے فائدے کی آئینی ترامیم گلگت، بلتستان میں نافذ کرتے ہیں مگر گلگت، بلتستان کے مفاد کی کوئی آئینی ترمیم لاگو نہیں کی جاتی۔ 21ویں آئینی ترمیم کی طرح گلگت، بلتستان میں 18ویں آئینی ترمیم لاگو کر کے یہاں کے عوام کو بااختیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت، بلتستان کے عوام دیگر چاروں صوبوں کے عوام کی طرح محب وطن پاکستانی ہیں، انکو بھی آئینی حقوق ملنے چاہئیں، اگر آئینی حقوق دینے میں کوئی رکاوٹ ہے تو آزاد کشمیر طرز کا خود مختار عبوری آئین دیا جائے۔ آنے والے الیکشن میں گلگت، بلتستان کے تمام حلقوں سے امیدوار کھڑے کرے گی۔ کرپٹ اور جابرانہ نظام کے خاتمہ کیلئے انتخابی عمل میں آنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ایوانوں میں آ کر حقیقی جمہوریت کے نفاذ کیلئے مستحکم اقدامات وقت کا تقاضا بن چکے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن کی روشنی میں پورے ملک کی طرح گلگت، بلتستان کے انتخابات میں پوری سیاسی طاقت کے ساتھ حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ ملکی خزانوں پر سانپ بن کر بیٹھے حکمرانوں سے اقتدار چھین کر گلگت، بلتستان کے مظلوم و محکوم اور مجبور عوام کی مدد کیا جا سکے۔ کسی جماعت کے ساتھ الحاق کی بات قبل از وقت ہو گی۔ مجلس وحدت المسلمین اور پی ٹی آئی کے ساتھ الحاق کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ گلگت، بلتستان جیسے معدنی دولت سے مالا مال علاقوں کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات نا کافی ہیں۔ نام نہاد حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت قدرتی وسائل سے مالا مال ان وادیوں کو بد حال کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت، بلتستان کے سیاحتی، معدنی اور ہائیڈرو پاور کے منصوبوں کو بہتر کر کے ناصرف ان علاقوں کو خوشحال بنایا جا سکتا ہے بلکہ پورے ملک کے سست معاشی پہیے کو بھی تیز کیا جا سکتا ہے، لیکن اس کیلئے مخلص اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی کئی دھائیوں سے حکمرانوں نے اس جنت نظیر علاقے میں ترقیاتی، صحت عامہ اور انفرا سٹرکچر کے منصوبوں کو ترقی دینے کی بجائے بیڈ گورننس کے ریکارڈ بنائے ہیں۔

ساجد بھٹی نے کہا کہ گلگت، بلتستان کے دورے میں سیاس، مذہبی شخصیات سے ملاقاتوں کی تفصیل سے صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کو آگاہ کر دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے صدر رحیق احمد عباسی الیکشن کے اعلان کے بعد امیدوار فائنل کریں گے، آخری مرحلے میں قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری گلگت، بلتستان کا دورہ کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top