پاکستان عوامی تحریک کے وفد کی چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے ملاقات

مورخہ: 26 مارچ 2015ء

آزاد، خودمختار الیکشن کمیشن کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی تجاویز سے آگاہ کیا، وفد خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں ملا
ٹریکٹر، موٹر سائیکل، جھنڈا میں سے کوئی ایک انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست

اسلام آباد (26 مارچ 2015) پاکستان عوامی تحریک کے وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے ملاقات کی اور آزاد و خود مختار الیکشن کمیشن کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی تجاویزسے آگاہ کیا۔ عوامی تحریک کے وفد نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی طرف سے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں اپنی سرکاری حیثیت کے غلط استعمال کے حوالے سے تحریری شکایت بھی چیف الیکشن کمشنر کو دی اور مطالبہ کیا کہ کنٹونمنٹ آرڈیننس 2002 کی روشنی میں وفاقی وزیر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وفد میں عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی، ساجد بھٹی شامل تھے۔

عوامی تحریک کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر کو درج ذیل تجاویز دیں:

  1. آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث یہ آرٹیکل مذاق بنے ہوئے ہیں۔ مذکورہ آرٹیکل پر عملدرآمد نہ ہونے سے الیکشن کمیشن کے کردار پر بھی انگلی اٹھتی ہے۔
  2. آزاد و خود مختار الیکشن کمیشن کیلئے اسکی معاشی و انتظامی خود مختاری ناگزیر ہے، الیکشن کمیشن کا الگ سے سٹاف اور ہر سطح پر آرگنائزڈ سیکرٹریٹ ہونا چاہیے، اس کیلئے ازسرنو قانون سازی اور انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
  3. آئین کے آرٹیکل 63B ‏کے تحت پارٹی کے سربراہ کو کسی رکن کی نااہلی کیلئے ریفرنس سپیکر اسمبلی کو بھجوانے کی بجائے براہ راست چیف الیکشن کمشنر کو بھجوانے کا اختیار ملنا چاہیے۔
  4. انتخابی اصلاحات کے قانونی پراسس میں غیر پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے۔
  5. جماعتی و غیر جماعتی انتخابات کے انعقاد کی بحث ختم کرنے کیلئے اسے آئین کا حصہ بنایا جائے۔
  6. کسی بھی سطح پر بروقت انتخابات اور انتخابی شیڈول جاری کرنے کیلئے الیکشن کمیشن بااختیار ہونا چاہیے۔ بلدیاتی الیکشن کا اختیار صوبائی حکومت کو ملنے سے پوری قوم اس کا نتیجہ بھگت چکی ہے۔
  7. انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد انتظامی اختیارات عملاً الیکشن کمیشن کو منتقل ہو جانے چاہییں، یہاں تک کہ انتخابی عرصہ کے دوران نئے شناختی کارڈ کے اجراء پر بھی پابندی ہونی چاہیے۔ وفد نے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا کہ عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات سمیت گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھی حصہ لے رہی ہے۔ لہٰذا اسے ٹریکٹر، موٹر سائیکل یا جھنڈا میں سے کوئی ایک نشان الاٹ کیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غورکیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے حوالے سے آنے والی شکایت پر قانون کے مطابق کارروائی کی یقین دہانی کروائی اور عوامی تحریک کے وفد سے کہا کہ وہ آزاد خودمختار الیکشن کمیشن اور فری اینڈ فیئر الیکشن کیلئے آئندہ بھی تجاویز بھجواتے رہیں۔ الیکشن کمیشن تمام پارلیمانی و غیر پارلیمانی جماعتوں کی مثبت اور قابل عمل تجاویز پر غور کرے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top