بیرون ملک مقیم پاکستانی بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ کی وجہ سے پریشان ہیں‎، اعجاز وڑائچ

مورخہ: 30 مارچ 2015ء

اوورسیز کمیشن بننے سے بھی ائیر پورٹس پر پاکستانیوں کی تذلیل میں کوئی کمی نہیں آئی‎
منہاج القرآن یورپین کونسل کے صدر اعجاز وڑائچ کا وفد کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ‎

لاہور (30 مارچ 2015) منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپین کونسل کے صدر ڈاکٹر اعجاز احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ حکومت کی بیڈ گورننس اور ملک پر بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ میں اضافہ اور دن بدن گرتے ہوئے معیار زندگی کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی اپنے وطن کو سہولتوں اور خوشحالی کے اعتبار سے امریکہ اور یورپ سے بھی بہتر مقام پر کھڑا دیکھنا چاہتا ہے۔ یہی ڈاکٹر طاہرالقادری کا انقلابی ایجنڈا تھا کہ تعلیم، صحت اور انصاف کی سہولت ہر غریب آدمی کو دہلیز پر میسر ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اعجاز وڑائچ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کیلئے بطور خاص ہالینڈ سے پاکستان آئے۔

عجاز وڑائچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ آج یورپ سمیت دنیا کے ہر ملک میں پاکستان کے انجنیئرز، ڈاکٹرز، سائنس دان اور بزنس کمیونٹی کے لوگ اپنے ہنر کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ پاکستان کے حالات بہتر ہو جائیں تو یہی تجربہ کار اور محب وطن پاکستانی دن رات اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کیلئے اپنے وطن میں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ہر موقع پر یہ تاثر دیا کہ وہ معیشت کو دیگر جماعتوں کی نسبت بہتر سمجھتے ہیں مگر افسوس 3 مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کے باوجود پاکستانی کی معیشت بہتر ہونے کی بجائے مزید قرضوں اور سود کی دلدل میں پھنس گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملکی قرضوں کا بوجھ 18 ہزار ارب تک پہنچا دیا جو باعث تشویش ہے۔ صرف ایک سال میں قرضوں کا حجم جی ڈی پی کے 63.1 سے بڑھ کر 67.9 فی صد ہو گیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی موجودہ حکمرانوں سے سوال کر رہے ہیں کہ کشکول توڑا گیا یا اسکا سائز بڑا کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر ہالینڈ کے دیگر رہنماء ڈاکٹر عابد عزیز، وسیم افضل، ندیم احمد، عدنان جاوید و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر اعجاز وڑائچ نے کہا کہ اوورسیز کمیشن بنانے والے کب تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بے وقوف بناتے رہیں گے، پاکستانی ائر پورٹس پر مسافروں کے ساتھ توہین آمیز سلوک اور رشوت لینے کا سلسلہ بد ستور جاری ہے، ائر پورٹ عملہ لوٹنے کے نت نئے بہانے طریقے ڈھونڈتا رہتا ہے، پاکستانیوں کی تذلیل کا سلسلہ بند نہ ہوا تو زر مبادلہ کی ترسیل روکنے پر غور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات بہت نازک ہو چکے ہیں، بیرونی قرضوں نے ملکی ترقی کو مفلوج کر دیا ہے۔ ملک کو اس گرداب سے نکالنے کیلئے عوام میں شعور کی بیداری کیلئے بہت محنت کی ضرورت ہے۔ عوام کو انکے حقوق کا شعور دینا ہو گا تا کہ ملک میں مثبت سیاسی تبدیلی ممکن ہو سکے۔ تحریک منہاج القرآن اندرون و بیرون ملک مثبت قدروں کے فروغ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top