سینکڑوں کارکنان پنجاب حکومت کے جھوٹے مقدمات بھگت رہے ہیں: ڈاکٹر رحیق عباسی

پاکستان کے ہر شہر میں ورکرز کنونشن منعقد کریں گے، حکومت جھوٹے مقدمات ختم کرے
شریف برادران انتقامی سیاست کرتے ہیں پہلے سنا تھا اب دیکھ لیا، بھکر کے کارکنان سے ملاقات

لاہور (12 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ ظلم، تشدد کی حکومت اور تھانہ کچہری کی سیاست اپنے آخری سانس لے رہی ہے، ہمارے سینکڑوں کارکنان آج بھی پنجاب حکومت کے قائم کئے گئے جھوٹے مقدمات بھگت رہے ہیں، ن لیگ کے لیڈر اکیسویں صدی میں بھی سو لہویں صدی کی سیاست کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کو خبردار کر رہے ہیں کہ وہ سربراہ عوامی تحریک اور کارکنان کے خلاف درج کروائے گئے جھوٹے مقدمات واپس لے لیں اور شرافت کی سیاست کریں۔ ہمیشہ کا اقتدار اللہ کے پاس ہے۔ حکمرانوں کے مظالم ہمیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے موقف سے پیچھے ہٹا سکتے اور نہ ہی ظلم کے نظام کو بدلنے کی جدوجہد سے روک سکتے ہیں، پہلے سنا تھا شریف برادران انتقامی سیاست کرتے ہیں اب عملی تجربہ بھی ہو گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھکر منکیرہ سے تعلق رکھنے والے عوامی تحریک کے انقلاب مارچ کے شہدا کے لواحقین، زخمیوں اور اسیران انقلاب مارچ سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ ن لیگ کے لیڈروں میں سیاسی مخالفین کے ساتھ مذاکرہ یا سامنا کرنے کی ہمت نہیں اسی لئے وہ ہر موقع پر پولیس کا استعمال کرتے ہیں یہی طریقہ ہٹلر اور مسولینی کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے انقلاب مارچ کے دوران ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دینے کا حق ادا کر دیا۔ سب سے زیادہ قربانیاں بھکر کے عوام نے دیں، انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک نے اپنے کارکنوں کا کسی بھی مرحلہ پر ساتھ نہیں چھوڑا جس طرح کارکنوں نے انصاف کے نظام کیلئے قربانیاں دیں اسی طرح قیادت نے بھی شانہ بشانہ قربانیاں دیں، کم ظرف اور انتقامی حکمران ابھی تک ڈاکٹر طاہرالقادری کے وارنٹ نکلوا رہے ہیں اور منفی میڈیا مہم چلا رہے ہیں، ہم اور ہماری قیادت ان اوچھے حکومتی ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہر میں ورکر ز کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔ عوامی تحریک کو حقیقی معنوں میں عوامی انقلابی جمہوری جماعت بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ ہماری منزل انقلاب ہے، کارکن عوامی تحریک کو پاکستان کی ہر گلی اور گاؤں میں منظم کریں بہت جلد سربراہ عوامی تحریک ہمارے درمیان ہونگے اور ظالم نظام کوبدلنے کی جدووجہد کی قیادت کریں گے ۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top