عدلیہ میں سیاسی مقدمات کی بھرمار نے عام آدمی کو انصاف سے محروم کر رکھاہے: ڈاکٹر رحیق عباسی

روائتی مذہبی ہیں نہ سیاسی، انقلاب ہماری منزل ہے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ احمد نواز انجم

راولپنڈی ( )پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ جنہوں نے اس قوم کو باربار ڈساہم انہیں دوبارہ اقتدار سونپ دیا جاتا ہے۔ ملک سے ایسے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں جس میں غریب، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو ووٹ دینے پر مجبورہوں۔ لوگوں کو بدعنوان سیاسی جماعتوں سے نجات دلانے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کو یونین کونسل کی سطح تک منظم کر رہے ہیں۔ روائتی مذہبی ہیں نہ سیاسی، انقلاب ہماری منزل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے ایک اہم تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ عدلیہ میں سیاسی مقدمات کی بھرمار نے عام آدمی کو انصاف سے محروم کر رکھاہے۔ موجودہ حکمران عوام کو تعلیم، صحت، روزگار، تحفظ اور انصاف دینے کی بجائے سڑکیں اور پل دے رہے ہیں۔ نااہلیت کی انتہاء ہے کہ ہر تین ماہ بعد ملک کو ایک نئے بحران میں مبتلا کر دیا جاتا ہے۔ مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات احمد نواز انجم نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکن ایک ایک دروازے تک پہنچ کرلوگوں کو موجودہ نظام کی قباحتوں سے آگاہ اور انہیں اس کے خلاف عملی جدوجہد کیلئے تیار کریں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اجلاس سے سردار منصور خان، بریگیڈئر (ر)مشتاق، ملک افضل، راجہ ساجد، غلام علی، غلام ربانی اور ماجد قریشی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کی تنظیم سازی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top