’’انصاف دو یا ہمیں بھی مار دو‘‘ عوامی تحریک 60 شہروں میں احتجاجی مظاہرے کریگی

مورخہ: 23 مئی 2015ء

آج 24 مئی لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات اور ساہیوال میں مظاہرے ہوں گے
‎14 جون کو اسلام آبا د سمیت 3صوبائی دارالحکومتوں پشاور، کراچی، کوئٹہ میں احتجاج ہو گا، مرکزی میڈیا سیل

لاہور (23 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور جے آئی ٹی کی رپورٹ کے خلاف 14 جون تک ملک بھر میں 60 شہروں میں ’’ انصاف دو یا ہمیں بھی مار دو‘‘ کے بینرز تلے احتجاجی مظاہروں کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی ہے۔ آج 24 مئی اتوار کو لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، گجرات اور ساہیوال میں پریس کلب کے باہر احتجاج ہو گا۔ 14 جون کو اسلام آباد سمیت 3 صوبائی دارالحکومتوں، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں بھرپور احتجاج ہو گا۔ احتجاجی مظاہروں میں سول سوسائٹی، ہم خیال سیاسی جماعتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو شرکت کی دعوت دینے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں احتجاجی مظاہروں کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، ناظم اعلیٰ تنظیمات شیخ زاہد فیاض، ساجد بھٹی، میاں زاہد شریک تھے۔ احتجاجی مظاہرے جن کا آغاز 22 مئی کو پنجاب اسمبلی کے سامنے لاہور سے ہوا۔ 14 جون 2015 تک جاری رہیں گے۔ 14 جون کے بعد کے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کرینگے۔ لاہور میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کرینگے۔ فیصل آباد میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، سیالکوٹ میں ناظم اعلیٰ تنظیمات شیخ زاہد فیاض، گجرات میں فرحت حسین شاہ، ساہیوال میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت ڈاکٹر تنویر احمد سندھو کرینگے جبکہ ان مظاہروں کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان حافظ غلام فرید، میاں کاشف محمود، راشد باجوہ، حاجی اکرم، قاری مظہر فرید کو مقرر کیا گیا ہے۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top