مجلس ختم علی الصلوٰۃ علی النبی (ص) و شب برات اجتماع

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

8 ستمبر 2006ء بمطابق 14 شعبان معظم کی شب تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے سبزہ زار میں ماہانہ روحانی اجتماع ختم علی الصلوٰۃ النبی اور شب برأت کی خصوصی محفل منبعقد ہوئی۔ اس روحانی محفل میں شرکت کیلئے لاہور کے علاوہ گردو نواح کے شہروں سے بھی حاضرین کی ایک بڑی تعداد سر شام تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز عشاء کے بعد ہوا تاہم حاضرین کی کثیر تعداد مقررہ وقت سے قبل ہی پنڈال میں براجمان ہوئی۔ جب پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا تو پنڈال میں حاضرین کے لیے جگہ کم پڑ گئی جس پر انتظامیہ نے ہنگامی طور پر مرکزی سیکرٹریٹ کے ساتھ ملحقہ "منہاج القرآن پارک" میں پروجیکٹر نصب کر کے حاضرین کے بیٹھنے کا انتظام کیا۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی یہاں موجود تھی۔ جسکی وجہ سے منہاج القرآن ویمن لیگ کو بھی خواتین شرکاء کے لئے اضافی انتظامات کرنا پڑے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری اللہ بخش نقشبندی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ ناظم تربیت فرحت حسین شاہ کی نقابت اور کمیپئرنگ نے بھی حاضرین میں رنگ جما دیا۔ انہوں نے تلاوت کلام پاک کے بعد آقا علیہ السلام کی بارگاہ مدح سرائی کیلئے کالج آف شریعہ منہاج یونیورسٹی کے نعت خواں کو دعوت دی بعد ازاں مختلف نعت خواں وقفہ وقفہ سے اپنے ذوق نعت خوانی سے حاضرین کے لئے سامان عشق و نور پیدا کرتے رہے۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا خصوصی خطاب بھی حاضرین کی توجہ کا مرکز رہا، وہ اس محفل میں شرکت سے قبل اسی روز (8ستمبر) ہی یورپ کے طویل دورہ سے وطن واپس تشریف لائے تھے۔ اس حوالے سے دورہ یورپ کی روداد کا موضوع ہی ان کے حصے میں آیا تاہم انہوں نے اپنے دورہ یورپ کی روداد کو اختصاراً بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج یورپ میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب اسلام ہے۔ اس حوالے سے الحمد اللہ تحریک منہاج القرآن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے دیار غیر میں بھی دین مبین کی ترویج و اشاعت کا اہم فریضہ نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یورپی دنیا میں تحریک منہاج القرآن اسلام کی سب سے بڑی تحریک بن گئی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے اپنے خطاب میں مختلف یورپی ممالک کے دورہ جات کا ذکر بھی کیا ۔ آخر میں انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں شیخ الاسلام کی زیر صدارت الہدایہ کیمپ 2006ء کا انعقاد سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اس کیمپ میں مختلف یورپی ممالک اور بالخصوص برطانیہ سے سینکڑوں نوجوان شریک ہوئے۔ شیخ الاسلام نے 4 روزہ کیمپ میں ان نوجوانوں کو خود لیکچرز دئیے اور انکی تربیت کی، الہدایہ کیمپ کے کامیاب انعقاد سے یورپ میں اسلام کے حوالے سے بہت سے تصورات کلیئر ہوئے ہیں۔ یورپ کے نوجوانوں میں اسلام کے حوالے سے جو مختلف وضاحتیں تھیں وہ اس کیمپ کے بعد ختم ہو گئیں۔ اب وہ وقت دور نہیں جب مغرب میں لوگ تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے اسلام کی حقانیت کو تسلیم کریں گے۔

ناظم اعلیٰ کے خطاب کے بعد منہاج نعت کونسل کے اراکین نے اپنے مخصوص انداز میں حاضرین محفل کو گرمایا۔ نعت خوانی کی اس کیفیت میں ہر طرف ایک روح پرور سماں نظر آ رہا تھا۔ یہ سماں اس وقت اور بھی گہرا ہو گیا جب بلبل منہاج محمد افضل نوشاہی نے اپنی آمد کے فوراً بعد "گوشہ درود" کے سلام کو مخصوص انداز میں پڑھا اب اس بابرکت رات اور توبہ اور استفسار کی فضاؤں میں "اللھم صلی علیٰ سیدنا و مولانا محمد اً و علیٰ آلہ وصحبہ وبارک وسلم" کا ترانہ گونج رہا تھا۔ انہوں نے گوشہ درود کے سلام کو اردو اشعار کے ساتھ پیش کیا تو ہر طرف ایک قابل دید منظر تھا۔

اسکے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا شب برأت کے موضوع پر خصوصی خطاب کی ریکارڈنگ سنوائی گئی۔ اس سے قبل امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے بھی خطاب کیا۔ اب رات کا ایک پہر ہو چکا تھا۔ اس موقع پر شب برأت کی مناسبت سے خصوصی طور پر صلوۃ التسبیح کا اہتمام کیا گیا نماز کی جگہ کی کمی کے باعث حاضرین کی بڑی تعداد نے پنڈال کے علاوہ سڑک پر صفیں بچھا کر صلواۃ التسبیح ادا کی۔ صلوۃ التسبیح کے بعد رقت، گریہ و زاری اور آہوں سسکیوں میں ڈوبی آواز نے ہر کان کی سماعت کو اپنی طرف متوجہ کر لیا۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے طویل دورانیہ کی دعا میں اللہ تعالیٰ سے طلب و مغفرت کی عطا اور شب برأت کی عنایات کا آمیزہ جمع کیا تھا۔ ان پرشکوہ لمحات میں حاضرین محفل میں سے ہر کوئی نم دیدہ تھا طلب و عطا اور مغفرت کی اس رات کا یہ سماں صبح نور کی آمد کیساتھ چھٹ رہا تھا۔ تاہم جیسے یہ دعا اور پروگرام ختم ہوا تو حاضرین کیلئے تحریک منہاج القرآن کیطرف سے سحری کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔ اسطرح حاضرین ی خدمت میں حاضر طعام سحری کے ساتھ یہ خصوصی محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top