چیف الیکشن کمشنر سے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات
بلدیاتی انتخابات تک صوبائی حکومتوں کو لوکل گونمنٹ کے فنڈز
استعمال کرنے سے روکا جائے
انتخابی عذر داریاں آئین میں دی گئی مدت کے مطابق نہ نمٹانے سے جمہوری عمل متاثر
ہوتاہے، خرم نواز گنڈا پور
لاہور (24 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم گنڈا پور نے گذشتہ روز اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ بلدیاتی انتخابات تک پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کو لوکل گورنمنٹ کے فنڈز کو استعمال کرنے سے روکا جائے اور انتخابات والے اضلاع میں وزرائے اعلیٰ، وزراء کے دوروں اور نئے منصوبوں کے افتتاح پر پابندی عائد کی جائے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے روبرو خواتین، اقلیتوں اور یوتھ کے Indirect الیکشن کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے آرڈیننس کو ہم نے عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی رائے کے بارے میں عدالت کو آگاہ کرے۔ خرم نواز گنڈا پور نے چیف الیکشن کمشنر کو تجویز دی کہ انتخابی عذرداریاں آئین میں دی گئی مدت کے مطابق نہ نمٹانے سے جمہوری عمل متاثر ہوتاہے اور ٹربینونلز اور عدالتوں کا وقت ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ فریقین کوبے پناہ مالی نقصانات برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی عمل کو بہتر سے بہتر بنانے کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کی طرف سے آنے والی تجاویز کا ہمیشہ خیر مقدم کیا جاتا ہے اور آئین و قانون کے مطابق شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے۔ آئیندہ بھی الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کی تجاویز کی روشنی میں اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بناتا رہے گا۔
تبصرہ