نیب کی طرف سے 82 ارب کی کرپشن کے ملزم کو فرار کروانے کی رپورٹ لمحہ فکریہ ہے: خرم نواز گنڈاپور

ملزم کو فرار کروانے والوں کو گرفتار کر کے مقدمات فوجی عدالت میں چلائے جائیں، مطالبہ
کرپشن روکنے کے ادارے کرپشن کوفروغ دے رہے ہیں، پولیس بے گناہوں کی جانیں لے رہی ہے

لاہور (4 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ 82 ارب روپے کی کرپشن میں ملوث سابق چیئرمین اوگرا کو نیب کی طرف سے فرار کروانے کی رپورٹ لمحہ فکریہ ہے۔ کرپشن روکنے کے ذمہ دار ادارے کرپشن کوفروغ دے رہے ہیں اورپولیس بے گناہوں کی جانیں لے رہی ہے۔ اس سب کے باوجود مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے مقتدر طبقات اس ظالم نظام اور اس کرپٹ جمہوریت کو مضبوط کرنے پر بضد ہیں۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی دستور کمیٹی کے اجلاس کے بعد اخبار نویسوں اور کمیٹی کے ممبران سے بات چیت کررہے تھے۔ اجلاس میں دستور پر نظرثانی کیلئے قائم کمیٹی کے ممبران میجر(ر) محمد سعید، قاضی فیض الاسلام، محمد انوار ایڈووکیٹ، ساجد بھٹی، ایم نوراللہ نے شرکت کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پولیس کا بنیادی فرض عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے مگر اس پولیس نے 17 جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلی اور 14 بے گناہ شہریوں کو خون میں نہا دیا اور 85 سے زائد کو چھلنی کر دیا۔ یہ سارا ظلم پنجاب کے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کی ناک کے نیچے ہوا مگر آج تک اس سانحہ کے ملزمان کو کوئی سزا نہیں ملی بلکہ اس کی غیر جانبدار تفتیش کا بھی آغاز نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں، ظالموں، کرپٹ عناصر کے سرپرستوں کو عبرتناک سزائیں دینے کیلئے انقلاب کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 82ارب روپے کی کرپشن کے ملزم کو فرار کروانے میں نیب ملزم ہے اور یہ رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی پیش ہو چکی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کرپشن کے ملزم کو فرار کروانے والوں کو گرفتار کر کے ان کے مقدمات فوجی عدالت میں چلائے جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top