47 ارب خرچ کر کے ایک یونٹ بجلی پیدا نہ کرسکنے والے حکمرانوں کو قوم مسترد کر دے، خرم نواز گنڈا پور

بدیانت قیادت سنگین چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بجائے نئے وعدوں سے قوم کو گمراہ رہی ہے
نا اہل صوبائی حکومتیں آپریشن ضرب عضب کی عظیم قربانیوں کے ثمرات کو ضائع کر رہی ہیں
حکمرانوں کے پاس قرض پر قرض لینے کے سوا کوئی معاشی ویژن نہیں

لاہور (12 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنر ل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ نندی پور منصوبے میں قوم کے خون پسینے کے جمع شدہ ٹیکسوں کے 47 ارب روپے خرچ کر کے ایک یونٹ بھی بجلی پیدا نہ کرسکنے والے حکمرانوں کو قوم مسترد کر دے، یہ وقت جعلی جمہوریت نہیں ملک بچانے کا ہے۔ نا اہل صوبائی حکومتیں آپریشن ضرب عضب کی عظیم قربانیوں کے ثمرات کو ضائع کر رہی ہیں۔ یہ حکمران جب تک بر سر اقتدار رہیں گے خون بہتا رہے گا، بے گناہ مرتے رہیں گے، بدیانت قیادت دہشت گردی، معیشت، غربت داخلی و خارجی خطرات کے سنگین چیلنجز کا مقابلہ نہیں کر سکتی البتہ نئے وعدے کر کے قوم کو مزید گمراہ ضرورکر سکتی ہیں۔ حکمرانوں کے پاس قرض پر قرض لینے کے سوا کوئی معاشی ویژن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک پنجاب کی سنٹرل کونسل کے سہ ماہی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، میجر (ر) محمد سعید، تنویر اعظم سندھو، راجہ زاہد، راجہ ندیم، عارف چوہدری ودیگر عہدیاران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ فرسودہ نظام کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے۔ عوامی خوشحالی اور فلاح و بہبود کی منزل حاصل کرنے کیلئے احتجاج کے ساتھ انتخاب کی حکمت عملی بھی اپنا رہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا بدلہ اور کرپٹ سسٹم کا خاتمہ ہماری جدوجہد میں شامل ہے جس سے ایک انچ پیچھے ہٹے ہیں نہ ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے پہلے 40آرٹیکل پر عمل ہو جائے تو کوئی شخص بھوکا سوئے گا اور نہ ہی بغیر چھت کے رہے گااور نہ انصاف سے محروم رہے گا۔ موجودہ حکمران صرف آئین کے پسندیدہ حصوں پر عمل کرتے ہیں۔ ہمارا انقلاب بنیادی آئینی حقوق پر عملدرآمد کروانا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top