جب تک شہدائے ماڈل ٹاؤن کے اصل قاتل گرفتار نہیں ہوتے یہ کیس ختم نہیں ہو گا:راضیہ نوید
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈآج بھی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دبا
کر بیٹھے ہیں
موجودہ حکمران انسانی حقوق اور جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں
حکمرانوں نے’’آکٹوپس‘‘کی شکل میں سارے نظام جکڑ رکھا ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں کے
نمائندوں سے گفتگو
لاہور (18 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی نائب صدرراضیہ نوید نے کہا ہے کہ قاتل حکمرانوں نے عوام کے بنیادی حقوق غصب کررکھے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن سانحے کے مرکزی ملزم کانسٹیبل نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر قانون پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز اور وہ لوگ ہیں جن کے خلاف شہدا کے ورثا کی درخواست اورعدالت کے حکم پر ایف آئی آر درج ہوئی، حکمران پولیس کے چھوٹے گریڈ کے افسران کو قربانی کے دنبے کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، ہمارے ملزمان وہ حکمران ہیں جو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دبا کر بیٹھے ہیں جب تک شہدائے ماڈل ٹاؤن کے اصل قاتل گرفتار نہیں ہوتے یہ کیس ختم نہیں ہو گا۔ موجودہ حکمران انسانی حقوق اور جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عائشہ مبشر، افنان بابر، گلشن ارشاد وو دیگر بھی موجود تھیں۔ راضیہ نوید نے کہا کہ ملکی وسائل اور اختیارات پر قابض ہیں۔ 67 سالوں سے عوام قائداعظم کاپاکستان دیکھنے کو ترس رہے ہیں۔ ظالم اور جابر حکمرانوں نے غریبوں کو ہمیشہ دھوکہ دیا۔ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ شہریوں کے قاتل حکمران عوام کو بنیادی حقوق نہیں دے رہے جس سے لوگ خودسوزی کرنے، گردے اور عزتیں فروخت کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ حکمران لوٹ مار کر کے اپنی تجوریاں بھررہے ہیں لیکن اب ظلم کی تاریک رات جلد ختم ہونے والی ہے۔ حکمرانوں نے ’’آکٹوپس‘‘ کی شکل میں سارے نظام کو جکڑ رکھا ہے، وقت آگیا ہے کہ اس کے بازو کاٹ کر قوم کو آزاد کروایا جائے۔ راضیہ نوید نے کہاکہ جمہوریت حقوق دلانے کے اس عمل کا نام ہے جس میں عوام منتخب ہونیوالے نمائندوں کے احتساب کا اختیار رکھتے ہوں مگر پاکستان میں جو نظام عرصہ سے مسلط ہے وہ جمہوریت کی حقیقی روح سے متصادم ہے۔ موجودہ حالات میں ملک اور قوم کو ایسے سرجن کی ضرورت کی ہے جو علامات کی بجائے اصل مرض کا علاج کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوام کا یہی حال رہا تو یہ بہت خطرناک حالات کا پیش خیمہ ہوگا۔ راضیہ نوید نے کہا کہ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے سیاست نہیں ریاست بچاؤ کا نعرہ دے کر قوم کو خوشحالی کا راستہ دکھایا۔ عوامی تحریک ویمن ونگ ثابت کرے گی کہ تبدیلی باتوں سے نہیں بلکہ موجودہ قاتل حکمرانوں اور ظالم نظام کے خلاف عملی جدوجہد سے آئیگی۔ کرپٹ، ٹیکس چور اور قاتل حکمرانوں کا خاتمہ واجب ہو چکا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کا بدلہ لیں گے۔ عوامی تحریک کی خواتین عوام کے حقوق کیلئے میدان میں نکلیں گی تو حکمران کو دن میں تارے نظر آجائینگے۔
تبصرہ