احتساب کے ادارے معاشی دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی ساری قیادت کرپشن کیسز میں ملوث اور مطلوب ہے
لٹیروں کا احتساب نہ ہوا تو قومی دولت لانچوں کے ذریعے بیرون ملک شفٹ ہوتی رہے گی
قومی خزانہ لوٹنے والوں کے خلاف آپریشن نہ ہوا تو ضرب عضب کے ثمرات برقرار نہیں رہ سکیں گے
دھرنے کے دنوں میں کرپٹ لیڈر شپ کے جرائم بارے جوکہا آج اس کی تصدیق ہورہی ہے
سربراہ عوامی تحریک کا ویمن لی، یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے عہدیداروں سے ویڈیو لنک پر خطاب

لاہور (4 دسمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی ساری قیادت کرپشن کیسز میں ملوث اور مطلوب ہے۔ ادارے کمزور، مافیاز طاقتور اور آئین موم کی ناک ہے۔ معاشی دہشتگردوں کے خلاف بے رحم آپریشن نہ ہوا تو آپریشن ضرب عضب کے ثمرات زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکیں گے اور قومی دولت لانچوں کے ذریعے بیرون ملک شفٹ ہوتی رہے گی۔ وہ گزشتہ روز ویمن لیگ، یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے مرکزی عہدیداروں سے ویڈیو لنک پر خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بدبختی کی انتہا یہ ہے کہ کوئی سابق وزیراعظم، وزیراعلیٰ ہو یا موجودہ سب کا دامن اربوں کی لوٹ مار، اختیارات کے ناجائز استعمال، بددیانتی، نااہلی کے داغوں سے بھرا ہوا ہے اور احتساب کے اداروں نے احتساب کی بجائے معاشی دہشتگردوں کے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کرپٹ لیڈر شپ پڑھی لکھی نوجوان نسل کو ملکی خدمت اور ترقی کاکیا پیغام دے سکتی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دنوں میں نام نہاد قومی لیڈر شپ کی کرپشن، منی لانڈرنگ، بھتہ خوری، لاقانونیت اور اقرباء پروری سے متعلق جتنے بھی اعداد و شمار دئیے تھے آج ملکی ادارے ان کی تصدیق کررہے ہیں، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ کرپشن کی حالیہ غضب کہانیوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ لٹیروں، رسہ گیروں اور ناجائز منافع خوروں سے نجات کا اس سے بہتر موقع اور کوئی نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاتی عمرہ کی ایک سڑک کی تعمیر کے حوالے سے ناجائز اختیارات کے استعمال پر قانونی کارروائی سے زیادہ اہم سانحہ ماڈل ٹاؤن ہے جہاں اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے 14 بے گناہوں کو میڈیا کی آنکھ کے سامنے قتل اور 85 سے زائد کو معذور بنادیا گیا اور مقتولین کے ورثاء کو انصاف کے حق سے محروم رکھ کے ’’فاش ازم‘‘ کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسی قیادت جو اپنے شہریوں کو جان سے مارنے اور خزانہ لوٹنے میں ملوث ہو اس کے ہاتھوں اس ملک اور قوم کا کوئی بھلا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کاایک وزیر جو لوٹ مار کے کیسز میں نیب کو مطلوب ہے وہ قاتل اعلیٰ کے ہمراہ بیرون ملک پروٹوکول کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کررہا ہے۔ احتساب کے ادارے احتساب میں سنجیدہ ہیں تو قوم سے اس قسم کے مذاق بند کردیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top