باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہوگا: سید ہدایت رسول قادری

فیصل آباد(14 دسمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ اسلام دین امن و سلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ جس دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔ امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے، ذات سے تعلق مضبوط ہو گا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن ومصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پی پی67 زیراہتمام مانانوالہ میں میلاد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی سی 56 میاں کاشف محمود، چیئرمین سی سی 41 قاسم خاں، سید حمایت رسول شاہ، علامہ عتیق الرحمن، سہیل مقصود، مظفرعالم سلطانی، سیدامتیازشاہ، محمد یسین، ناصر وارثی، سلیم شاہد، واحدفاروق، عبدالغفار، ابرارجٹ، مقصود احمد، محمدوقاص، بزم نظام مصطفی کے ممبر بھی موجودتھے۔

ہدایت رسول قادری نے کہا کہ باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہوگا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب سے عاجزی اور انکساری آئے گی اور معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلے گی اور جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہوجائے اس جسم سے دوسرے کیلئے سلامتی اورمحبت کے رویے ہی پھوٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امت کو نعمت اسلام اور معرفت الٰہی مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے صدقہ نصیب ہوئی اور پورا قرآن حضور کے اخلاق اور سیرت پر اعلیٰ کتاب ہے۔ محبت اور ادب ایمان کی متاع ہے۔ آج داخلی اور خارجی قیام امن کیلئے محنت کی ضرورت ہے۔ من کی دنیا کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سیراب کرنا ہوگا۔ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجالا کر لیا جائے تو امت کا ہر فرداپنے اپنے ملک میں امن و سلامتی بکھیرنے والا بن جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top