غیر ملکی فنڈلینے والے ادارے ریاست پاکستان کے وفادار نہیں ہو سکتے، ڈاکٹر حسین محی الدین

حکومت قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی فہرست کے بارے میں قوم کو تفصیلات سے آگاہ کرے
غیر ملکی فنڈز لینے والے مدرسوں کی سب سے بڑی تعداد پنجاب میں ہے، اخبار نویسوں سے گفتگو

لاہور (17 دسمبر 2015) منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ غیر ملکی فنڈز لینے والے ادارے ریاست کے وفا دار کیسے ہو سکتے ہیں، حکومت ان اداروں کے متعلق قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی فہرست کے بارے میں وضاحت کرے کہ یہ ادارے کن خدمات کے نتیجے میں کتنا فنڈ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ انکشاف ہوشرباء ہے کہ غیر ملکی فنڈز لینے والے مدرسوں کی سب سے بڑی تعداد پنجاب میں ہے۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہاکہ خفیہ طور پر غیر ملکی فنڈنگ لینے والے اداروں کو بین کرنا اور ہر قسم کی فنڈنگ لینے والے اداروں کو بین کرنا اور ہر قسم کی غیر ملکی فنڈنگ کا راستہ روکنا قومی ایکشن پلان کا اہم جزو ہے مگر حکومت نے اس ضمن میں سنجیدگی نہیں دکھائی، غیر ملکی فنڈز لینے والے تمام اداروں اور ان سے وابستہ شخصیات کا احتساب اور آڈٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے والے اداروں اور شخصیات کے باعث پاکستان مسلکی جنگ اور انتہا پسندی کی لپیٹ میں ہے، ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو خفیہ ذرائع سے فنڈز حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اور متعلقہ ایجنسیاں یہ بھی بتائیں کتنا فنڈ کن ذرائع سے حاصل کیا جا رہا ہے؟ اور خفیہ طور پر فنڈنز دینے والے ممالک سے بھی بات کی جائے کہ وہ کن اہداف کیلئے یہ فنڈنگ کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہاکہ حکومت کا یہ کہنا کہ وہ فنڈنگ کے ذرائع معلوم کرنے میں ناکام ہے، انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر ملکی فنڈز لینے والے اداروں کے ذمہ داروں کو شامل تفتیش کر کے جملہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top