افسوس بانی پاکستان کا قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا: ڈاکٹر طاہرالقادری

لاہور (26 دسمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے بانی پاکستان کے یوم ولادت پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے تھے۔ مگر افسوس قائداعظم کا قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔ انہوں نے بطور گورنر جنرل اپنے لیے قبل از وقت ریلوے پھاٹک کھلوانے سے انکار کر دیا تھا مگر ان کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والے آئین، قانون کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔ وی آئی پی پیز کیلئے سڑکیں بند کر کے عام شہریوں کی نقل و حرکت روک دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے سرکاری ملازموں کو سیاست سے الگ رہنے کا حکم دیا مگر حکمرانوں نے پولیس، الیکشن کمیشن سمیت ریاست کے ہر ادارے کو سیاسی آلہ کار کے طور پر استعمال کر کے روح قائد کو اذیت دی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی اداروں کے سیاسی استعمال کا شاخسانہ ہے۔ تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نوازگنڈاپور، حماد مصطفیٰ، سہیل رضا، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، شہزاد رسول، جواد حامد، حاجی اسحاق و دیگر نے شرکت کی۔

 دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک نے مرکزی سیکرٹریٹ میں سنٹرل ایڈوائزی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی اور صحت، تعلیم، معیشت، فارن افیئرز، میڈیا، ماحولیات کے حوالے سے تھنک ٹینک کے قیام کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینکس کے بغیر زمینی حقائق کی نمائندہ پالیسی سازی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عوامی تحریک کو سائنسی بنیادوں پر استوار دیکھنا چاہتا ہوں تاکہ عوامی تحریک زندگی کے ہرشعبہ سے متعلق عوام کی حقیقی معنوں میں رہنمائی کر سکے۔ سنٹرل ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور، چیف، کوآرڈینیٹر میجر (ر) محمد سعید و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top