انتہا پسندی کے انفیکشن کے بعد جنوبی پنجاب کو سوائن فلو نے گھیر لیا: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

میٹرو بس ملتان کی آڑ لے کر لاہور کے فینسی منصوبوں پر قومی خزانے کے منہ کھول دئیے گئے
عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سینئر رہنما کی جنوبی پنجاب کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو
8 سال میں جنوبی پنجاب کو انصاف، تحفظ اور روزگار کا کوئی میگا منصوبہ نہیں ملا، وفد

لاہور (15 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما و منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے جنوبی پنجاب کے عہدیداروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے انفیکشن کے بعد حکمرانوں کی نااہلی سے جنوبی پنجاب کو سوائن فلو نے گھیر لیا، آٹھ سال میں جنوبی پنجاب کے عوام اور نوجوانوں کو روزگار، تحفظ اور انصاف کا کوئی منصوبہ نہیں ملا، حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے جن نمائندوں کو اختیار کی کرسی پر بٹھایا وہ سرکاری زمینوں پر شب خون مارنے میں مصروف ہیں، میٹرو بس ملتان کا منصوبہ ایک سیاسی دھوکا ہے اس منصوبہ کی آڑ لے کر لاہور کے کھربوں روپے کی مالیت کے فینسی منصوبوں پر قومی خزانے کے دروازے کھول دئیے گئے، بلدیاتی اور لودھراں کے ضمنی الیکشن کے بعد حکمران کسان پیکیج کا ذکر بھی بھول گئے، ملکی معیشت جنوبی پنجاب کے محنتی کسان کے خون پسینے کی مرہون منت ہے جس دن کسان نے کپاس اگانا بند کر دی ملکی معیشت اور حکمرانوں کے میگا منصوبوں کا بھٹہ بیٹھ جائیگا، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، احمد نواز انجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی بھی موجود تھے۔

جنوبی پنجاب کے عہدیداروں نے کہا کہ خطہ کے عوام کا اس وقت نمبر ون مسئلہ زرعی اجناس کی گرتی ہوئی قیمتیں اور عدم تحفظ ہے، شام کے بعد کسی موٹر سائیکل سوار یا سائیکل سوار کا محفوظ گھر لوٹنا مشکل ہو گیا ہے، بیروزگاری کی وجہ سے سٹریٹ کرائم اور روڈ ڈکیتیاں بڑھ گئی ہیں، تھانے اور کچہری غریب مظلوموں کیلئے عقوبت خانے بن چکے ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ عوامی تحریک انصاف کی فراہمی اور ظلم کے خاتمے کی جنگ لڑرہی ہے، ظلم کے نظام کو بدلنے کی تحریک میں جنوبی پنجاب کے عوام کا خون شامل ہے۔ منافع اور کاروبار کی سیاست کرنے والے حکمرانوں کو ایک دن جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ کیے گئے ایک ایک ظلم کا حساب دینا پڑے گا۔

ڈاکٹرحسن محی الدین 16 جنوری سے 18 جنوری تک 3 دن جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے۔ دورہ کے دوران وہ ملتان میں عہدیداروں، کارکنوں سے ملاقات کرینگے، 17 جنوری کو کوٹ مٹھن شریف میں عظیم صوفی روحانی بزرگ خواجہ غلام فرید کے سالانہ عرس تقریبات میں شرکت اور امن کانفرنس سے خطاب کریں گے، ڈاکٹر حسن محی الدین 18 جنوری کو ملتان میں عہدیداروں سے ملاقات کرینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top