منہاج القرآن انتہا پسندی سے پاک پاکستان کیلئے کوشاں ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین
آپریشن ضرب عضب کی فیصلہ کن کامیابی کیلئے ضرب امن مہم کا آغاز
کیا ہے: چیئرمین سپریم کونسل
نوجوان پیس ورکر بن کر اسلامی رواداری کے فروغ کی اس عظیم مہم کا حصہ بنیں: خطاب
لاہور (31 جنوری 2016) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انتہا پسندی سے پاک پاکستان کیلئے کوشاں ہے۔ ظالم نظام کو بدلنے اور قیام امن کیلئے منہاج القرآن کے کارکنان نے عظیم قربانیاں دیں۔ اب پاکستان سے دہشتگردی کی جڑیں کاٹنے اور آپریشن ضرب کی فیصلہ کن کامیابی کیلئے ملک گیر ضرب امن مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ نوجوان پیس ورکر بن کر امن اور اسلامی رواداری کے فروغ کی اس عظم مہم کا حصہ بنیں۔ ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں نائب نائب ناظم اعلیٰ کوارڈینیشن احمد نواز انجم، چیف آرگنائزر عوامی تحریک میجر (ر) محمد سعید، حافظ غلام فرید، چوہدری عارف، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نو ر اللہ صدیقی اور لاہور کے تمام ٹاؤنز کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کیلئے اعلی تنظیمی خدمات انجام دینے پر ارشاد طاہر کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور چیئرمین سپریم کونسل نے ان کیلئے تعریفی سند اور گولڈ میڈل کا اعلان کیا۔ اجلاس میں لاہور کی تنظیم نو کے حوالے سے تفصیلی غوروخوص کیا گیا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن، شہدائے چار سدہ اور آپریشن ضرب عضب کے شہدا کیلئے دعا کی گئی اور ایک قرارداد کے ذریعے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے قاتلوں کو سر عام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے خطاب میں کہا کہ پائیدار امن کے قیام کیلئے ظالموں، غاصبوں اور بد عنوانوں کو قانون کے مطابق سزائیں دینا اور نظام عدل کی اصلاح ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں ظلم اور ناانصافی ہوگی وہاں انتہا پسندی، دہشتگردی اور بدامنی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کی کردار سازی، امن کے فروغ اور دہشتگردی کی فکری جڑیں کاٹنے کیلئے قابل فخر تحقیقی و علمی کام کیا، آج انہی کی فکری کاوشوں کے نتیجے میں دہشتگردوں کے خلاف بے خوف مزاحمتی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے امن پسند، باشعور اور پڑھے لکھے نوجوانوں سے مل کر دہشتگردوں اور انکے اعلانیہ اور چھپے ہوئے ہوئے سر پرستوں کو شکست دینگے۔
تبصرہ