رانا ثناء شریف برادران کا عزیر بلوچ ہے: پاکستان عوامی تحریک

وقت آنے پر پنجاب کا وزیر لاقانون سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں وعدہ معاف گواہ بنے گا: خرم نواز گنڈا پور
پنجاب حکومت کی بدانتظامی کے باعث کروڑوں بچوں کا تعلیمی نقصان ہورہا ہے: مرکزی سیکرٹری اطلاعات

لاہور (31 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ رانا ثناء شریف برادران کا عزیر بلوچ ہے، جس پر درجنوں شہریوں کو قتل کروانے کا الزام ہے۔ یہ الزام ہم نہیں گھر کے بھیدی بھی لگا رہے ہیں۔ پنجاب کا وزیر لاقانون سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں وعدہ معاف گواہ بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ کے ایک ہفتہ کے تنظیمی دورہ سے واپسی پر مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ شریف برادران اور انکے دست راست رانا ثناء اللہ ہیں، اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کیلئے حکمرانوں کی ’’قانونی دہشتگردی‘‘ کا مقابلہ بھی کر رہے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے دہشتگردی کی عدالت میں زیر سماعت کارروائی یکطرفہ اور ماورائے قانون چل رہی ہے اس امتیازی کارروائی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ ہمارے وکلاء رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ کی سربراہی میں 2 فروری کو لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ کے سامنے پیش ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کو 4 حصوں میں تقسیم کر کے ’’قانونی دہشتگردی‘‘ کی جا رہی ہے، وکلاء تنظیمیں اور انسانی حقوق کے ادارے اس کا نوٹس لیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو پھر سڑکوں اور چوراہوں پرفیصلہ ہو گا۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے پنجاب حکومت کی بے حسی اور بے بسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے حکمرانوں نے لاکھوں والدین اور کروڑوں بچوں و بے یقینی اور افراتفری کا شکار کر دیا ہے۔ کچھ تنظیمیں سکول کھولنے اور نہ کھولنے کے اعلانات کر کے کنفیوژن کو بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے سکول بند کرتے وقت بھی جھوٹ بولا تھا جسے ان کے اپنے وفاقی وزیر داخلہ نے بے نقاب کیا۔ پوری پنجاب حکومت بدانتظامی اور بدحواسی کا شکار ہے جس کی سزا کروڑوں بچے تعلیمی نقصان کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top