ڈبلن: منہاج القرآن انٹرنیشنل برے (Bray) میں محفلِ میلادِ النبی (ص) کا انقعاد

مورخہ 28 جنوری 2016ء منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ نے برے (Bray) اسلامک سنٹر ڈبلن میں عظیم الشان محفل میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انقعاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے کارکنان سمیت عشاقانِ مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ محفل کا انتظام وارث علی، کاشف سعید، اشرف قاضی، چوھدری امجد، سیف الاسلام اور ان کی ٹیم نے کیا تھا۔

محفل کا آغاز دعوت اسلامی کے رکن کاشف سعید نے تلاوت قرآنِ پاک سے کیا۔ محمد تاج محی الدین، محمد اسلم خان اور کاشف سعید نے رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے کارکن وسیم بٹ نے نقابت کے فرائض ادا کیے۔

برے (Bray) اسلامک سنٹر کے چیف آرگنائزر وارث علی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے خوبصورت اور ایمان افروز محفل کے انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کا شکریہ ادا کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل اور پیر غلام دستگیر نے محفل میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ بندگی کا اعلی ترین معیار یہ ہے کہ بندہ ہر چیز سے بڑھ کر اللہ اور اس کے رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے غلامئ رسول کو اپنی بندگی اور رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت ہی فی الحقیقت اپنی اطاعت قرار دیا ہے۔ غلامئ رسول اور اتباع و اطاعتِ نبوی ہی انسان کو بندگی کے شرف سے سرفراز کرتی ہے۔

انہوں نے دورِ صحابہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اپنی محبت کا مرکز و محور رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کو سمجھتے تھے اسی لیے وہ آپ کی حد درجہ تعظیم اور غابیت درجہ تکریم کرتے تھے۔ اہلِ اسلام عظمت رفتہ کا راز آقائے کائنات صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے گہرے ربط و تعلق میں مضمر ہے۔

محفل کا اختتام بارگاہِ نبوی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں دست بستہ سلام کا نذرانہ پیش کرنے اور ملک و قوم کی سلامتی کی دعاؤں سے ہوا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کی طرف سے شرکاء کو ضیافتِ میلاد پیش کی گئی۔


تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top