ن لیگ کو نوٹ اور ووٹ دینے والے تاجر لوڈشیڈنگ کا گلہ نہ کریں

مورخہ: 03 مارچ 2016ء

طبقاتی نظام کو چیلنج کرنے والا سولی چڑھ جاتا ہے، یہ خواتین نہیں پولیس پروٹیکشن بل ہے
احتساب 1985ء سے شروع کیا جائے، کون کیسے کھرب پتی بنا سامنے آ جائے گا
منہاج القرآن کی تقریب میں ڈاکٹر حسین محی الدین، ندیم افضل چن، ابرار الحق، خرم جہانگیر وٹو، ولید اقبال
خرم نواز گنڈاپور، فواد چودھری، افتخار ٹھاکر، میاں زاہد جاوید کا خطاب، چار روزہ تقریبات کا اختتام

لاہور ( ) 03 مارچ 2016ء منہاج القرآن کے زیراہتمام بزم منہاج کی 4 روزہ تقریب کے آخری دن کے مہمان خصوصی ڈاکٹر حسین محی الدین تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ پورے پاکستان پر پنجاب کے سیاستدانوں، بیوروکریٹس قابض ہیں۔ سندھ کی گورننس پر سروے سپانسرڈ ہیں۔ پنجاب کے بڑوں کا بڑے بڑے احتساب نہیں کر سکے، طبقاتی نظام کو چیلنج کرنے والے سولی چڑھ جاتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ظالم نظام کو چیلنج کرنے والی ایک توانا آواز ہیں، سانحہ ماڈل ٹائون پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور آج ہر زبان انصاف مانگ رہی ہے، ن لیگ کو نوٹ اور ووٹ دینے والے لوڈشیڈنگ کا گلہ کرتے اچھے نہیں لگتے، احتساب کرنا ہے تو 85ء سے شروع کریں پتہ چل جائے گا کون کیسے کھرب پتی بنا۔

تقریب سے صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق، فواد چودھری، رکن اسمبلی خرم جہانگیر وٹو، ولید اقبال، معروف کامیڈین افتخار ٹھاکر، میاں زاہد جاوید نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ عوام ظلم سے نجات چاہتے ہیں تو ظالم نظام کے خلاف باہر نکلیں، تعلیمی ادارے بہت زیادہ ہو گئے مگر کوئی رومی، سعدی، غزالی نظر نہیں آتا۔

پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق نے کہا کہ پاکستان میں صرف ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان ظالم نظام کو چیلنج کرتے ہیں۔ دونوں لیڈروں کی جدوجہد عوام اور آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما رکن اسمبلی خرم جہانگیر وٹو نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے رول ماڈل ہیں، شہدائے ماڈل ٹائون کو انصاف دلوانے کیلئے اسمبلی میں آواز اٹھائوں گا۔

معروف کامیڈین افتخار ٹھاکر نے لطیفے سنا کر تقریب کو کشت زعفران بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس کھیت کو پانی نہ ملے اس کی فصل خراب اور جس گھر میں دین نہ ہو اس کی نسل خراب ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل کرتا ہے خواتین پروٹیکشن بل پاس کرنے والے کے سر پر گرم پانی سے بھرا ہوا لوٹا ڈال دوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پولیس پروٹیکشن بل ہے ایسی پولیس جس نے ماڈل ٹائون میں 14 بندے مار ے، ہر اچھا کام اللہ کی طرف سے اور برا حکومت کی طرف سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایک روز خواجہ سعد رفیق سے پوچھا کہ افغانستان میں وزیر ریلوے کیوں نہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ وہاں ریل نہیں تو میں نے کہا کہ جب پنجاب میں کوئی قانون نہیں تو پھر رانا ثناء اللہ وزیر قانون کیوں ہے؟

معروف تجزیہ نگار فواد چودھری نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کا پاسپورٹ دنیا میں بدترین ڈاکومنٹ بن گیا ہے اچھے اور محب وطن سیاستدانوں اور حکمرانوں کی ضرورت ہے۔

ولید اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری طلباء و طالبات کو جدید تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط سکھا رہے ہیں، ہم ان کی صحت اور تندرستی کیلئے دعا گو ہیں۔

لبرٹی مارکیٹ کے صدر میاں زاہد جاوید نے کہا کہ تعلیم تو ہے مگر تربیت ختم ہو گئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کے تشخص اور امیج کو بہتر بنانے کی جنگ لڑرہے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ میاں حسن عباس، شہزاد رسول، عبدالحفیظ چودھری کو عمدہ کارکردگی پر انعامات دئیے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top