پبلک پارک میں دھماکہ حکومتی نا اہلی ہے، قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
پی اے ٹی کے سربراہ کی لاہور گلشن پارک میں بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت
لاہور (27 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور گلشن پارک میں ہونیوالے بم دھماکہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجنوں شہریوں جن میں خواتین اور بچے شامل تھے کی اموات پر دلی دکھ ہے، سکولوں کے بعد اب پارک بھی غیر محفوظ ہو گئے، قیمتی جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار نا اہل حکمران ہیں۔ بزدل دہشتگردوں نے ایک بار پھر نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ دہشتگردی کے واقعہ سے حکمرانوں کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے فول پروف انتظامات کے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگرد وں کے ہمدرد حکمرانوں نے قومی ایکشن پلان پر عمل کیا ہوتا تو آج بے گناہ شہری دہشتگردی کا شکار نہ ہوتے، تفریحی پارک میں دھماکہ اور قیمتی جانوں کا ضیاع حکمرانوں کی نا اہلی کا کھلا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کو امدادی سر گرمیوں میں حصہ لینے اور خون کے عطیات دینے کی ہدایات کیں۔ انہوں نے شہید ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، میجر (ر) محمد سعید، احمد نواز انجم، جواد حامد، ساجد بھٹی، شہزاد نقوی، حافظ غلام فرید، فرح ناز و دیگر نے بھی گلشن پارک بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اظہار افسوس کیا۔
تبصرہ